اس مرتبہ پوڈ کاسٹ میں ہم نے ایک ایسے موضوع پر بات کی جو آپ کو حیران کر دے گا۔ اور شاید کچھ پریشان بھی کرے۔ اس پر ہم تب سوچنے پر مجبور ہوئے جب اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف خفیہ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ اس دلچسپ موضوع پر روشنی ڈالنے کے لیے، ہمارے ساتھ موجود رہے فیض اللہ صاحب جو ایک سینیئر صحافی ہیں۔ آپ دفاعی امور اور بین الاقوامی معاملات کے ماہر بھی سمجھے جاتے ہیں۔

فیض اللہ نے ہمیں بتایا کہ کیسے اسرائیل نے حزب اللہ کے واکی ٹاکی اور پیجر میں دھماکہ خیز مواد نصب کر کے ان کو نشانہ بنایا۔ یہ ایک ایسا واقعہ تھا جو فلمی منظر کی طرح لگ رہا تھا۔ کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ آپ کا موبائل فون اس وقت دھماکے سے پھٹ جائے کہ جب وہ آپ کے ہاتھوں میں ہو؟ لیکن یہ تو کہانی کی ایک جھلک ہے، بلکہ یوں کہیے کہ کہانی کا ایک آغاز ہے۔

اب سے کچھ عرصہ پہلے حزب اللہ نے اپنے کارکنوں کو موبائل فون کے بارے میں خاص ہدایت دی تھیں۔ وہ کیا تھیں؟ فیض صاحب نے بتایا کہ انہیں کہا گیا تھا کہ موبائل فون کو لوہے کے ڈبے میں بند کر کے دور رکھیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اسرائیل نے حزب اللہ کے پیجر اور واکی ٹاکی میں دھماکہ خیز مواد کیسے نصب کیا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ پہلے اسرائیل نے ہنگری میں کچھ خاص کمپنیاں بنائیں اور پھر ان کے ذریعے اپنے طویل مدتی منصوبے کو عملی جامہ پہنایا۔

ہم نے اس بات پر بھی غور کیا کہ کالعدم تنظیمیں ٹیکنالوجی کے استعمال سے بچنے کی کوشش کیسے کرتی ہیں؟ مثلاً القاعدہ جس نے ای میل کا استعمال تو کیا لیکن کچھ الگ انداز سے۔ فیض صاحب نے بتایا کہ وہ ای میل کے صرف ڈرافٹ سیکشن کا استعمال کرتے تھے۔ یہ ایک حیرت انگیز حکمت عملی تھی۔ اسی طرف ٹی ٹی پی کے لوگوں نے اپنی منصوبہ بندی کے لیے ایک مشہور ویڈیو گیم کا استعمال کیا۔ یہ ایک ایسا گیم تھا جس کا نام ’’پب‘‘ سے شروع ہوتا ہے۔ کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یہ کون سا گیم ہو سکتا ہے؟

فیض صاحب نے ہمیں مزید بتایا کہ اُسامہ بن لادن گیارہ سال تک امریکا سے کیسے چھپے رہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ اتنے عرصے تک کیسے غائب رہے؟ جواب ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کرتے تھے۔ لیکن پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اُسامہ بن لادن کے گھر پر ڈش کیوں لگی تھی؟ فیض صاحب نے اسے ایک خاص حکمت عملی کا حصہ قرار دیتے ہوئے اس پر بھی تفصیلی بات کی۔

اس کے علاوہ اور بھی بہت سے باتیں اس پوڈ کاسٹ کا حصہ ہیں جو آپ کو خفیہ جنگوں اور نئی و پرانی ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں حیرت انگیز معلومات فراہم کریں گی۔ تو ہماری یہ پوڈ کاسٹ بھی ضرور دیکھیے اور اپنے تبصروں کے ذریعے ہمیں آپنی آرا سے آگاہ کرتے رہیے۔

شیئر

جواب لکھیں