رفتار پوڈ کاسٹ میں ہم نے ایک بار پھر مشہور تجزیہ کار اور معیشت دان شبر زیدی کو دعوت دی اور ان سے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس دوران شبر صاحب نے ملک کی سیاست، اسٹیبلشمنٹ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان تعلقات پر اپنے منفرد انداز میں تفصیلی گفتگو کی۔

زیدی صاحب نے بتایا کہ عمران خان اور آرمی چیف عاصم منیر دونوں محب وطن پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جب کوئی شخص وزیر اعظم یا آرمی چیف بنتا ہے، تو وہ ایک خاص مقام پر پہنچ جاتا ہے۔ ایک دلچسپ تشبیہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان اعلیٰ عہدوں پر فائز افراد کے ارد گرد ’’مراسی‘‘ جمع ہو جاتے ہیں اور یہ ’’مراسی‘‘ در حقیقت وہ لوگ ہیں جو اپنے مفادات کی خاطر حکم رانوں کے قریب رہنا چاہتے ہیں۔

زیدی صاحب نے وضاحت کی کہ یہ مراسی سینیئر سیاست دان، میڈیا اور دیگر پیشوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ہو تے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ’’مراسی‘‘ ملک میں افراتفری پھیلانے میں کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ ان کی بقا اسی میں ہے اور یہی وہ عناصر ہیں جو کبھی نہیں چاہتے کہ ملک میں کوئی سنجیدہ مذاکرات ہوں یا مسائل حل ہوں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلے اسٹیبلشمنٹ ایسے لوگوں سے دوری رکھتی تھی، لیکن میڈیا کے آنے کے بعد، وہ بھی اب ایسے افراد کو استعمال کرنے لگی ہے جو ان کی تعریفیں کرتے ہیں۔

جماعت اسلامی کے بارے میں زیدی صاحب نے کہا کہ ان کی اسٹیبلشمنٹ سے اتنی اچھی ’’سیٹنگ‘‘ ہے لیکن اس کے باوجود انہیں زیادہ نشستیں نہیں ملتیں کیوں کہ اسٹیبلشمنٹ کے پاس ان سے بہتر ’’سیٹنگ‘‘ والی پارٹی موجود ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کو ایک ’’کلٹ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ ایک سیاسی جماعت سے زیادہ ایک نظریاتی تحریک ہے۔ زیدی صاحب نے پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے اتحاد کو پی ٹی آئی کی موت قرار دیا۔

امریکا اور اسرائیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے زیدی صاحب نے کھل کر کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ ہیں۔ اسرائیل کے حوالے سے، انہوں نے غزہ میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، لیکن ساتھ ہی حماس کی قیادت کے بارے میں بھی تنقیدی مؤقف اپنایا۔ اسماعیل ہنیہ کے بارے میں زیدی صاحب نے کہا کہ اسرائیل کو ان پر حملہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وہ اسماعیل ہنیہ کو ’’شہید‘‘ نہیں کہیں گے۔

یہ تو صرف چند باتیں ہیں جو شبر زیدی نے پوڈ کاسٹ کے دوران کہیں۔ لیکن کیا واقعی پاکستانی سیاست کے پردے کے پیچھے وہ کہانی ہے جو زیدی صاحب بیان کر رہے ہیں؟ اور عالمی سیاست میں پاکستان کا مقام کیا ہے؟ یہ اور اس جیسے مزید سوالوں کے جوابات اور زیدی صاحب کے بے باک تجزیے کے لیے مکمل پوڈکاسٹ ضرور دیکھیے۔

شیئر

جواب لکھیں