ستان میں سیاسی اور معاشی حالات روز بروز پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں عوام کے سامنے بے شمار سوالات موجود ہیں، مثلاً یہ ملک کی معیشت کیوں بگڑ رہی ہے؟ عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات کس سمت جا رہے ہیں؟ اور ان مسائل کا حل کیسے نکالا جائے؟ پاکستان کے ممتاز ماہر اقتصادیات اور ایف بی آر کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے ایک بار پھر رفتار پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور ان جیسے کئی سوالات کا تجزیہ کیا۔
شبر زیدی نے گفتگو کا آغاز موجودہ معاشی حالات سے کیا۔ ان کے مطابق پاکستان کی معیشت اس وقت شدید دباؤ میں ہے، اور اس کی بنیادی وجہ ملکی و عالمی سطح پر ہونے والے غلط فیصلے ہیں۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کے فیز 2 کے حوالے سے ایک اہم نکتہ اٹھایا کہ یہ منصوبہ اگر اپنے مقررہ وقت پر مکمل ہو جاتا، تو آج پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری ہو چکی ہوتیں اور ملک کو بھاری قرضوں کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ ان کے مطابق عمران خان کی حکومت کے ابتدائی دنوں میں چین کے ساتھ کچھ اختلافات سامنے آئے، جنہوں نے سی پیک کو نقصان پہنچایا۔
پاکستان کی خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ عمران خان نے چین، امریکا، اور سعودی عرب جیسے ممالک کے ساتھ تعلقات میں سفارتی نرمی کے بجائے ایک سخت مؤقف اپنایا، جس کا نقصان پاکستان کو ہوا۔ ان کے مطابق، عالمی اسٹیبلشمنٹ کسی ایسے لیڈر کو قبول نہیں کرے گی جو موجودہ عالمی طاقتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی جرات رکھتا ہو۔
گفتگو میں ایک اور اہم نکتہ اٹھایا گیا کہ پاکستان میں معاشی پالیسیوں اور خارجہ پالیسی کے فیصلے زیادہ تر سیاسی قیادت کے بجائے اداروں کی ہدایت پر کیے جاتے ہیں۔ اس سے جمہوری عمل کمزور ہوتا ہے، اور ملک کو آگے بڑھنے میں رکاوٹ پیش آتی ہے۔ شبر زیدی نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے اداروں اور سیاسی قیادت کو ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔
پوڈکاسٹ میں بلوچستان کے مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ زیدی صاحب نے کہا کہ بلوچستان میں جاری شورش کو طاقت کے ذریعے ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔ ان کے مطابق، یہ مسئلہ سیاسی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، جہاں علاقے کو جغرافیائی بنیادوں پر تقسیم کر کے بہتر انتظامی ڈھانچہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے وسائل پر مقامی افراد کا حق تسلیم کیا جائے تاکہ وہاں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو سکے۔
اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ ہمارا ملک کس سمت جا رہا ہے اور ان چیلنجز سے نکلنے کا راستہ کیا ہو سکتا ہے، تو یہ پوڈ کاسٹ ضرور دیکھیے۔