دنیا میں کسی بھی کھیل کا سب سے ایونٹ ہے فیفا ورلڈ کپ۔ پچھلے سال قطر میں ایک کامیاب اور یادگار ٹورنامنٹ کے انعقاد کے بعد اب ہوگا فیفا ورلڈ کپ 2026، جس کے لیے لوگو کی رونمائی بھی ہو گئی ہے۔

یہ لوگو پہلی بار دکھایا گیا لاس اینجلس، امریکا میں ایک شاندار تقریب میں، جس میں فیفا کے صدر گیانی انفیٹینو، برازیل کے لیجنڈ رونالڈو سمیت فٹ بال دنیا کے کئی معروف نام موجود تھے۔

لوگو میں فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی اور اس کے پیچھے 26 یعنی ورلڈ کپ کا سال بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی فیفا ورلڈ کپ کے لوگو میں خود ورلڈ کپ ٹرافی کا استعمال کیا گیا ہو۔ یہی نہیں بلکہ ورلڈ کپ کا سال بھی پہلی بار لکھا گیا ہے۔

اگلے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ ٹیمیں بھی 32 کے بجائے 48 ہوں گی، جو ہوگا امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں۔ میکسیکو اس سے پہلے 1970 اور 1986 میں اور امریکا 1994 میں میزبانی کر چکا ہے، کینیڈا کو پہلی بار اس میگا ایونٹ کی میزبانی کا موقع ملے گا۔

یعنی یہ ٹورنامنٹ ہر لحاظ سے تاریخی ہوگا، لیکن اس کے لیے لوگو اتنا اچھا نہیں بنایا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس لوگو کو بُری طرح تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ لوگو فیفا کی اِن ہاؤس برانڈ ٹیم نے بنایا ہے، شاید خرچہ بچانے کی کوشش کی گئی ہو، لیکن اس کا جو نتیجہ آیا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ ویسے آپ بتائیں، آپ کو یہ لوگو کیسا لگا؟

شیئر

جواب لکھیں