ہمارے ہاں 20، 21 سال کی عمر تو کھیلنے کودنے کی عمر سمجھا جاتا ہے، لیکن شہروز کاشف کو تو دیکھیں۔ اس چھوٹی سی عمر میں وہ دنیا کا خطرناک ترین کھیل 'کوہ پیمائی' کھیلتے ہیں بلکہ اس میں ناقابلِ یقین کارنامے انجام دے رہے ہیں۔ وہ دنیا کی ایک نہیں، دو نہیں پوری 12 بلند ترین چوٹیاں سر کر چکے ہیں۔
دنیا بھر میں آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹیوں کی تعداد 14 ہے۔ شہروز یہ تمام چوٹیاں سر کرنے کے مشن پر ہیں۔ یہ منزل پانے کے لیے انھوں نے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ انھوں نے دنیا کی ساتویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ دھولاگری سر کر لی ہے۔ 8167 میٹر بلند یہ چوٹی نیپال میں واقع ہے، جسے دن پہلے شہروز نے اناپورنا I بھی سر کی تھی۔
شہروز نے اس سفر کا آغاز کیا تھا 2019 میں۔ جب انھوں نے صرف 17 سال کی عمر میں براڈ پیک سر کی تھی۔ اسی وجہ سے انھیں 'براڈ بوائے' کا نام بھی ملا تھا۔ پھر مئی 2021 میں انھوں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی اور اسی سیزن میں انھوں نے کے ٹو سر کرنے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ وہ یہ دونوں چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بنے۔
پچھلے سال یعنی 2022 میں تو انھوں نے کمال ہی کر دیا تھا۔ مئی سے اگست کے دوران انھوں نے 6 ایسی چوٹیاں سر کیں، جن میں نانگاپربت کا خطرناک مشن بھی شامل تھا۔ شہروز چوٹی سر کرنے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے اور ایک سرچ مشن کے بعد زندہ سلامت ملے۔ لیکن اس واقعے کے بعد بھی ان کی ہمت کم نہیں ہوئی۔ کچھ ہی دن بعد انھوں نے گیشربرم I اور II بھی سر کر لیں۔
نمبر | چوٹی کا نام | بلندی | سر کرنے کی تاریخ |
---|---|---|---|
12 | براڈ پیک | 8051 میٹر | 14 جولائی 2019 |
1 | ماؤنٹ ایورسٹ | 8848 میٹر | 11 مئی 2021 |
2 | کے ٹو | 8611 میٹر | 27 جولائی 2021 |
8 | مناسلو | 8163 میٹر | 25 ستمبر 2021 |
3 | کنچن جنگا | 8586 میٹر | 5 مئی 2022 |
4 | لوٹسے | 8516 میٹر | 16 مئی 2022 |
5 | مکالو | 8481 میٹر | 28 مئی 2022 |
9 | نانگا پربت | 8126 میٹر | 5 جولائی 2022 |
13 | گیشربرم II | 8035 میٹر | 8 اگست 2022 |
11 | گیشربرم I | 8080 میٹر | 12 اگست 2022 |
10 | اناپورنا | 8091 میٹر | 16 اپریل 2023 |
7 | دھولاگری | 8167 میٹر | 17 مئی 2023 |
اب شہروز کی نظریں ہیں باقی دو چوٹیوں پر: نام ہیں 'چو اویو' اور 'شیشاپنگما'۔ چو اویو 8188 میٹرز بلند ہے جبکہ شیشاپنگما ہے 8027 میٹرز کی۔ یہ دونوں چوٹیاں سر کرنے کے بعد شہروز کاشف بن جائیں گے سب سے کم عمر میں تمام Eight-thousanders سر کرنے والے کوہ پیما۔
یہ ریکارڈ اس وقت نیپال کے منگما شیرپا کے پاس ہے، لیکن انھوں نے یہ کارنامہ 30 سال کی عمر میں انجام دیا تھا۔ یعنی شہروز کاشف کے پاس بہت وقت ہے، اور ہمت تو ہے ہی!