کیا آپ نے رفتار پر کامران فریدی کی کہانی دیکھی یا پڑھی ہے؟ اگر آپ ہمیں باقاعدگی سے فالو کرتے ہیں تو یقیناً آپ نے کچھ دنوں پہلے کامران فریدی کا انٹرویو اور ان سے متعلق ڈاکومنٹریز ضرور دیکھی ہوں گی۔ ہمارے ساتھی معظم شاہ نے ان سے بات کی جو حقیقی معانی میں ایک تہلکا خیز انٹرویو ثابت ہوا۔ اس کا تہلکہ اتنا مچا کہ جس کی گونج بہت دور تک حتیٰ کہ سرحد پار تک گئی۔

جب یہ انٹرویو ہو رہا تھا اور سیریز چل رہی تھی، میرے ذہن میں بہت سے سوالات آ رہے تھے اور اس سے متعلق میرے کچھ تحفظات بھی تھے جو میں وقتاً فوقتاً معظم سے کہتا بھی رہا اور اس پر ہماری گفتگو بھی ہوتی رہی۔ لیکن پھر ہم نے سوچا کہ کیوں نا اسے باقاعدہ ریکارڈ کیا جائے اور ناظرین و قارئین کو سامنے اپنی اپنی بات رکھی جائے۔

تو میں نے معظم سے چند سوالات کیے اور ان سے جاننے کی کوشش کی کہ آپ نے کامران فریدی کو ہیرو بنا کر کیوں پیش کیا؟ معظم شاہ نے اس جواب دیتے ہوئے کامران فریدی کی پیچیدہ شخصیت کو سمجھانے کی کوشش کی، ان کی زندگی کے مختلف حصوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح ایک شخص کراچی کے سیاسی کرائم سے نکل کر امریکی انٹیلیجنس میں اہم کردار ادا کرنے تک کا سفر طے کرتا ہے۔

مجھے یہ لگتا ہے کہ وہ کامران فریدی جو اسکول نہیں گیا، اس نے عمران سیریز بہت پڑھی ہے۔ اس لیے میں نے معظم سے پوچھا کہ بقول کامران فریدی، انہیں ایران سے بھی کام کرنے کی آفر ہے، ترکی سے بھی ہے تو کیا یہ ملک کسی ایسے بندے پر بھروسا کریں گے جس کا ماضی یہ ہو کہ جس کے لیے کام کیا بعد میں اسی کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا؟ معظم نے اس کا تفصیلی جواب دیا جو آپ ویڈیو میں ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

اس پوڈ کاسٹ کے دوران میں نے معظم کے سامنے اور بھی کئی تیکھے سوالات رکھے، مثلاً یہ کہ کامران فریدی کی کہانی سننے کے بعد کوئی بھی شخص یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ کیا یہ واقعی اتنا آسان ہے کہ کسی کی ماضی کو نظر انداز کر دیا جائے؟ کیا ایک شخص اپنی زندگی کے کچھ حصے میں کیے گئے اچھے اعمال سے اپنے داغدار ماضی کو پاک کر سکتا ہے؟ کیا ان کی غیر قانونی سرگرمیاں معاف کی جا سکتی ہیں؟ اور وہ ایف بی آئی کے ساتھ ان کے تعاون کو کس نظر سے دیکھنا چاہیے؟ میرے دوست مہمان نے تمام سوالوں کے تفصیلی جواب دینے کے ساتھ ساتھ کئی نئے پہلوؤں کو روشنی ڈالی اور ایک نیا زاویہ پیش کیا جو شاید پہلے کچھ اوجھل سا تھا۔

کامران فریدی کی کہانی ہمیں انسان کے اندر آنے والی تبدیلیوں سمیت سیاست، قانون اور اخلاقیات کے بارے میں بہت کچھ سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔ اب یہ میں آپ پر چھوڑتا ہوں کہ ہماری پوڈ کاسٹ مکمل دیکھنے کے بعد آپ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ کیا آپ کی نظر میں بھی کامران فریدی واقعی ایک ہیرو ہیں؟ یا پھر معاملہ کچھ اور ہے!

شیئر

جواب لکھیں