راولپنڈی میں خاتون ٹیچر سے لوٹ مار اور تشدد
کرنے والے درندوں میں سے ایک زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ دونوں ملزمان سگے بھائی نکلے۔
دو روز قبل تھانا وارث خان میں خاتون ٹیچر سے دو ڈاکوؤں نے دن دہاڑے لوٹ مار کی تھی۔ ایک وحشی ملزم نے خاتون کی گردن جکڑ لی تھی جبکہ دوسرے نے ان کے کنگن اتارے، بالیاں نوچیں اور پرس چھین لیا تھا۔ خاتون ٹیچر زمین پر گرگئیں تو درندہ صفت ملزم نے ان کے سر پر لات بھی ماری تھی۔ راولپنڈی پولیس کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایک مشکوک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی ہوا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا۔ گرفتار زخمی ڈاکو کے قبضے سے پستول اور زیر استعمال موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم حمزہ نے خاتون ٹیچر سے ڈکیتی اور تشدد کا اعتراف کیا۔ زخمی ڈاکو کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ دوسرے کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق تھانا صادق آباد کے علاقے سے ہے، ملزمان نے تھانا صادق آباد کے علاقے کھنّا میں بھی ایک خاتون سے لوٹ مار کی تھی۔ تھانا وارث خان میں ڈکیتی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راولپنڈی پولیس پر سخت تنقید کی جارہی تھی۔ بے رحم لٹیروں کی سفاکیت نے راولپنڈی کے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا تھا۔ ملزم کی گرفتاری پر راولپنڈی پولیس کی کارکردگی کو سراہا جارہا ہے۔

شیئر

جواب لکھیں