عمران خان نے پی ڈی ایم حکومت پر بڑا الزام عائد کیا ہے۔ سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں کہ ان کی گرفتاری صرف ڈراما ہے۔ اصل نیت ان کو قتل کرنا ہے۔ ایک ٹوئیٹر پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ان کی بدنیتی اور ناپاک عزائم میں اب کسی قسم کا ابہام باقی نہیں رہ گیا۔

اس سے پہلے زمان پارک سے جاری ویڈیو پیغامات میں چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے گھر پر فائر کیے جانے والے شیل دکھائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے گھر پر شیلنگ کا سلسلہ ساری رات جاری رہا اور اس وقت بھی شیلنگ ہورہی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ’’میں نے ایسا کون سا جرم کیا ہے؟ کسی سیاسی رہنما کے گھر پر کبھی ایسی شیلنگ نہیں ہوئی۔ کل دوپہر سے زمان پارک ایسے لگ رہا تھا جیسے مقبوضہ کشمیر ہے۔ عورتوں اور نوجوانوں پر حملہ کیا گیا۔

میری گرفتاری لندن پلان کا حصہ ہے، عمران خان

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ میری ضمانت 18 مارچ تک ہے۔ ایف 8 کچہری میں اس لیے پیش نہیں ہونا چاہتا کیونکہ وہاں خطرات ہیں۔ دو بار پہلے بھی دہشت گرد حملے ہوچکے ہیں جس میں جج اور وکیل شہید ہوئے تھے۔ خود وزیرداخلہ مانتے ہیں کہ میری جان کو خطرہ ہے۔ مجھ پر شہباز شریف ، رانا ثناء اللہ اور ایک سیکیورٹی ایجنسی کے آدمی نے حملہ کروایا، اب وہی حکومت میں بیٹھے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ میں نے حلف نامہ دیا، ضمانتی بانڈ دیا مگر ڈی آئی جی نے جان بوجھ کر ضمانتی بانڈ نہیں لیا۔ قانون ہے کہ ضمانتی بانڈ کے بعد گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔

میری گرفتاری لندن پلان کا حصہ ہے۔ لندن میں معاہدہ ہوا ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالنا ہے۔ تحریک انصاف کو گرانا ہے۔ اور نواز شریف کے سارے مقدمات ختم کرنے ہیں۔ نواز شریف کو طاقت ور شخصیت کی طرف سے ان باتوں کی ضمانت دی گئی ہے۔ مجھے جیل میں ڈالنا لندن پلان کا حصہ ہے۔ اس کا قانون سے کوئی تعلق نہیں۔ نہ میں نے کوئی جرم کیا ہے۔

نیوٹرلز بتائیں رینجرز سے میرے گھر پر حملہ کیوں کرایا گیا؟عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ میں نے کون سا جرم کیا ہے کہ رینجرز سے مجھ پر حملہ کروایا گیا؟ جب رینجرز اور ہمارے لوگوں کا آمنا سامنا ہوگا تو قوم اسٹیبلشمنٹ کو نیوٹرل کیسے مانے گی؟ کیا عوام اور فوج کا آمنا سامنا کروانا چاہیے؟  نیوٹرلز مجھے بتائیں کہ رینجرز کو بھیجنے کا کیا مقصد تھا، میرے گھر کی دیوار پر رینجرز والے چڑھ رہے تھے، گھر کے اندر داخل ہونے لگے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ جب ٹی ایل پی اسلام آباد آ رہی تھی تو آرمی چیف نے کہا تھا  فوج کو شہریوں کے سامنے نہیں لاسکتے تو اب کیوں فوج سامنے آ رہی ہے؟  کیا یہ جمہوریت ہے؟

 کارکنوں کو خدشہ ہے مجھے قتل کردیا جائے گا، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ میں نے کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت کی مگر ہمارے کارکنوں کو پتا ہے کہ ہمارے لوگوں کو جیل میں ڈال کر کیسے تشدد کیا جاتا ہے۔ ہمیں پتا ہے کہ اعظم سواتی ، شہباز گل اور ارشد شریف کےساتھ کیا ہوا۔  ظل شاہ کو کس طرح اٹھایا گیا اور اس پر تشدد کر کے قتل کر کے سڑک پر پھینک دیا گیا۔ اسی لیے کارکنوں کو خدشہ ہے کہ  پولیس مجھے لے گئی تو وہ میرے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کرے گی، یہی وجہ ہے کہ  کارکن ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

میری گرفتاری سے ملک کو نقصان ہوگا، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ میرا سوال ان لوگوں سے ہے جن کے پاس اصل پاور ہے۔  کیا ان کو پاکستان کی کوئی فکر ہے؟ میں جیل میں چلا جاؤں گا تو ہماری پارٹی اور طاقتور ہوگی لیکن اس کا جو رد عمل آئے گا اس سے پاکستان کو نقصان ہو گا۔ معیشت بیٹھ چکی ہے، مہنگائی آسمان پر ہے، تنخواہ دار طبقہ پِس گیا ہے، ان حالات میں انتشار پھیلانا پاکستانیت نہیں، ایسا کوئی دشمن ہی کرسکتا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ ملک میں جاری تماشا بند کریں، عمران خان

عمران خان نے کہا  عدلیہ سے اپیل ہے کہ اس ملک کی قسمت آپ کے ہاتھ میں ہے۔  حکومت میں جو جرائم پیشہ افراد بیٹھے ہیں، انھوں نے مجھ پر 80 مقدمات کر دیے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ میں الیکشن نہ لڑوں، جیل چلا جاؤں یا مقدمات میں الجھا رہوں۔ اس لیے میری امید عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ سے ہے اور ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کا مفاد پاکستان میں ہے یا نہیں ہے؟ مطالبہ کرتا ہوں کہ لندن پلان پر کام نہ ہونے دیں۔ یہ جو تماشا ہو رہا ہے اسے بند کریں اور ملک کا سوچیں۔

شیئر

جواب لکھیں