چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کا ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا ہے جو انھوں نے اپنی گرفتاری سے پہلے ریکارڈ کرایا تھا۔

ویڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’جب تک میرے یہ الفاظ آپ تک پہنچیں گے مجھے ایک ناجائز کیس میں بند کر دیا گیا ہو گا۔ اس سے ایک چیز آپ سب پر واضح ہو جانی چاہیے کہ ہمارا آئین جو ہمیں حقوق دیتا ہے، جو جمہوریت ہے، وہ دفن ہو چکی ہے۔‘‘

پاکستانی عوام کو پیغام دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’’ہو سکتا ہے مجھے اس کے بعد آپ سے مخاطب ہونے کا موقع نہ مل سکے۔ اس لیے میں آپ سے دو تین باتیں کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم مجھے 50 برس سے جانتی ہے، نہ میں کبھی پاکستان کے آئین کے خلاف گیا نہ کبھی پاکستان کا قانون توڑا۔ سیاست میں آنے کے بعد میری ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ جو بھی جدوجہد کروں وہ پر امن ہو، جو آئین مجھے حق دیتا ہے اس میں رہ کر احتجاج کروں۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج جو کچھ کیا جا رہا ہے، وہ اس لیے نہیں کیا جا رہا کہ میں نے کوئی قانون توڑا ہے، یہ صرف اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ چاہتے ہیں کہ میں حقیقی آزادی کی تحریک سے پیچھے ہٹوں۔ یہ اس لیے کیا جا رہا ہے کہ یہ کرپٹ چوروں کا ٹولا، امپورٹڈ حکومت جو ہم پر مسلط کی گئی، یہ چاہتے ہیں کہ میں اسے قبول کروں۔‘‘

عمران خان نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ’آج آپ سب سے اپیل کر رہا ہوں کہ آپ کو اپنے حقوق کے لیے اپنی آزادی کے لیے نکلنا ہو گا۔ کبھی بھی کسی قوم کو آزادی پلیٹ میں نہیں پکڑائی جاتی، آزادی کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے، محنت کرنی پڑتی ہے اور اسی قوم کو اللہ آزادی کا تحفہ دیتا ہے۔ یہ وقت آ گیا ہے کہ آپ سب اپنے حقوق کے لیے نکلیں۔‘

شیئر

جواب لکھیں