بابر اعظم کی عمر صرف 28 سال ہے اور اس چھوٹی سی عمر میں ہی وہ کئی ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔ یہاں تک کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی لے چکے ہیں، لیکن اب اُن کے سینے پر ایک نئے تمغے کا اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومتِ پاکستان انھیں اپنا تیسرا سب سے بڑا شہری اعزاز 'ستارۂ امتیاز' دے رہی ہے۔

اس کا اعلان صدر عارف علوی نے پاکستان کے 75 ویں یومِ آزادی پر 14 اگست 2022 کو کیا تھا، لیکن یہ اعزاز انھیں اس 'یومِ پاکستان' پر یعنی 23 مارچ 2023 کو دیا جائے گا۔ یوں بابر اعظم یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے کم عمر ترین کرکٹر بن جائیں گے۔

اس سے پہلے یہ ریکارڈ سابق قومی کپتان سرفراز احمد کے پاس تھا، جنھیں 2018 میں ستارۂ امتیاز دیا گیا تھا۔ اُسی سال شاہد آفریدی، مصباح الحق اور یونس خان کو بھی یہی ایوارڈ ملا تھا۔ ان سے پہلے جاوید میانداد، انضمام الحق، سعید اجمل اور عبد القادر بھی ستارۂ امتیاز حاصل کر چکے ہیں جبکہ پاکستان کے سابق کوچ باب وولمر کو بھی بعد از وفات یہی اعزاز دیا گیا تھا۔

ستارۂ امتیاز سے بھی بڑا قومی اعزاز ہے ہلالِ امتیاز۔ یہ پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ ہے، جو ورلڈ کپ 1992 جیتنے پر عمران خان کو دیا گیا تھا۔ اُن کے علاوہ پاکستان کے پہلے کرکٹ کپتان عبد الحفیظ کاردار اور 'ٹُو ڈبلیوز' وسیم اکرم اور وقار یونس بھی ہلالِ امتیاز حاصل کر چکے ہیں۔

ویسے آپ کے خیال میں پاکستان کے کس کھلاڑی کو ہلالِ امتیاز یا ستارۂ امتیاز ملنا چاہیے؟

شیئر

جواب لکھیں