جو کیبن فٹ بال ورلڈ کپ 2022 میں مہمانوں کے لیے بنائے گئے تھے، اب اُن میں شام اور ترکی زلزلہ متاثرین رہیں گے۔ قطر نے تیار شدہ کیبنز سے بھرا پہلا جہاز منگل کو ترکی اور شام کے لیے روانہ کر دیا ہے۔

قطر ڈیولپمنٹ فنڈ کے اعلان کے مطابق وہ دونوں ملکوں کے زلزلہ متاثرین کے لیے یہ تیار شدہ 10 ہزار موبائل ہومز بھیجے گا۔

یہ گھر ان 14 لاکھ فٹ بال فینز کے لیے بنائے گئے تھے، جو پچھلے سال نومبر دسمبر میں سب سے بڑا اسپورٹنگ ایونٹ دیکھنے کے لیے قطر آئے تھے۔

شوخ رنگوں کے ان کیبنز میں ایک یا دو لوگوں کے سونے کی جگہ ہے۔ اس کے علاوہ ان میں چھوٹی سی میز اور کرسی، ایئرکنڈیشننگ کا نظام اور غسل خانہ بھی ہے۔ ورلڈ کپ کے دوران ایک کیبن کا کرایہ 200 ڈالر تھا، جو مہنگے ہوٹلوں سے کہیں بہتر آپشن تھا۔

ترکی اور شام میں 6 فروری کو 7.8 کی شدت کا ایک زلزلہ آیا تھا، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ اس زلزلے سے 52 ہزار اموات ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر لوگ ترکی سے ہیں۔ ملک میں 2 لاکھ سے زیادہ عمارتیں بُری طرح متاثر ہوئیں، یا مکمل طور پر زمین بوس ہو گئیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے۔

دنیا بھر کے ملکوں کے ساتھ ساتھ قطر اور دوسرے خلیجی ملک بھی ان زلزلہ متاثرین کی مدد کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

شیئر

جواب لکھیں