امریکا کے ارب پتی میڈیا ٹائیکون رپرٹ مرڈوک 92 سال کی عمر میں پانچویں شادی کرنے جارہے ہیں۔
رپرٹ مرڈوک نے اپنی پارٹنر این لیزلی اسمتھ سے منگنی کا اعلان کیا ہے۔ 66 سال کی این لیزلی اسمتھ سے ان کی ملاقات پچھلے سال ستمبر میں ہوئی تھی جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کے قریب آتے گئے۔
رپرٹ مرڈوک نے اپنے اخبار نیویارک پوسٹ کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ ’’میں جب ان سے ملا تو بہت نروس تھا، میں محبت میں مبتلا ہونے سے خوفزدہ تھا، مگر میں جانتا تھا کہ یہ آخری بار ہے۔ بہتر ہے ایسا ہی ہو۔ اب میں بہت خوش ہوں۔‘‘

ان کی منگیتر مسز اسمتھ پولیس میں چیپلین (مذہبی عہدے دار) رہ چکی ہیں۔ ان کے شوہر ریڈیو اور ٹی وی کے عہدے دار اور گلوکار تھے۔ انھوں نے اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں چودہ سال سے بیوہ ہوں۔ میرے شوہر بزنس مین تھے اس لیے میں رپرٹ مرڈوک سے ان کی زبان میں بات کرسکتی ہوں، ہمارے خیالات مشترک ہیں۔ ہمارا ملنا خدا کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔‘‘
امریکی میڈیا کے مطابق رپرٹ مرڈوک کی پانچویں شادی اسی سال ہوگی۔ انھوں نے اپنی چوتھی بیوی جیری ہال سے پچھلے سال علیحدگی اختیار کی تھی۔ سابق سپر ماڈل سے ان کی شادی 2016 میں ہوئی تھی جب وہ 84 برس کے اور جیری ہال 60 سال کی تھیں۔

رپرٹ مرڈوک کی دوسری شادی سب سے زیادہ عرصے چلی
میلبرن آسٹریلیا میں پیدا ہونے والے رپرٹ مرڈوک کی پہلی شادی 1956 میں 35 سال کی عمر میں ہوئی۔ ان کی پہلی بیوی کا تعلق آسٹریلیا سے ہی تھا۔ پہلی بیوی سے مرڈوک کی ایک بیٹی ہے۔ 1967 میں دونوں کی طلاق ہوگئی۔ اسی سال انھوں نے سڈنی سے شائع ہونے والے اپنے اخبار کی صحافی اینا ماریا سے شادی کی۔ اینا ماریا کا تعلق اسکاٹ لینڈ سے تھا۔ یہ شادی 32 سال چلی اور دونوں کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہوئی۔ 1999 میں اس شادی کا انجام بھی طلاق پر ہوا۔

دوسری بیوی سے علیحدگی کے صرف 17 دن بعد 68 سالہ مرڈوک تیسری بار دولہا بن گئے۔ اس بار ان کی دلہن 30 سال کی وینڈی ڈینگ بنیں جو چینی نژاد تھیں اور اسٹار ٹی وی کی ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ تیسری بیوی سے رپرٹ مرڈوک کی دو بیٹیاں ہیں۔ 2013 میں انھوں نے وینڈی سے بھی علیحدگی اختیار کرلی۔ یہ باتیں بھی پھیلیں کہ وینڈی ڈینگ چینی خفیہ ایجنسی کی کارکن ہیں تاہم بعد میں یہ سب افواہیں ثابت ہوا۔

میڈیا ٹائیکون رپرٹ مرڈوک نے اپنی کاروباری زندگی کا آغاز آسٹریلیا سے کیا۔ 22 سال کی عمر میں انھوں نے ایڈیلیڈ میں اپنے والد کے 2 اخبار سنبھالے اور اب وہ پانچ ملکوں میں سو سے زیادہ اخبارات، میگزین کے مالک ہیں جن میں دی سن، ٹائمز اور دی وال اسٹریٹ جنرل جیسی نامور مطبوعات شامل ہیں۔ امریکا کا فوکس ٹی وی نیٹ ورک اور 20th سنچری فوکس بھی مرڈوک خاندان کی ملکیت ہے۔
رپرٹ مرڈوک کئی تنازعات میں بھی گھرے رہے
لندن سے چھپنے والا اخبار ’’نیوز آف دی ورلڈ‘‘ بھی رپرٹ مرڈوک نے خرید لیا تھا۔ اسی خبار نے پاکستان ٹیم کا اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل بریک کیا تھا۔ بعد میں اس اخبار پر برطانیہ میں مشہور شخصیات اور سیاست دانوں کے فون ہیک کرنے کا الزام لگا اور 168 سال سے چلنے والا یہ اخبار جولائی 2011 میں بند ہوگیا تھا۔ اخبار کے آخری شمارے کی 50 لاکھ کاپیاں شائع کی گئیں۔

رپرٹ مرڈوک دنیا کے سو ارب پتی افراد میں شامل ہیں اور ان کی دولت کا تخمینہ 17 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ بے شمار اخبارات، میڈیا ہاؤسز کا مالک ہونے کی وجہ سے مرڈوک فیملی دنیا کے بااثر ترین خاندانوں میں شامل ہے۔ ان کی پانچویں شادی کی خبریں دنیا بھر کے میڈیا میں نمایاں طور پر شائع کی گئیں۔