فخر زمان ریکارڈ پر ریکارڈ بنا رہے ہیں اور ایک کے بعد دوسرا سنگِ میل بھی عبور کر رہے ہیں۔ مسلسل تین سنچریاں اور سب سے کم میچز میں 3 ہزار ون ڈے رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بننے کے بعد وہ اب رینکنگ میں ورلڈ نمبر 2 بن گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں فخر زمان نے 117 رنز کی اننگز کھیلی اور دوسرے میچ میں تو کمال ہی کر دیا۔ ان کی 180 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کی وجہ سے پاکستان ایک بڑا ٹارگٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ لیکن اپنی تین ون ڈے اننگز میں تین سنچریاں بنانے سے انفرادی طور پر بھی فخر کو بہت فائدہ پہنچا ہے۔ وہ آٹھ درجے پھلانگ کر دنیا کے دوسرے بہترین بیٹسمین بن چکے ہیں۔ اب ان کا مقابلہ ہے اپنے ہی کپتان بابر اعظم سے، جو فخر سے 103 پوائنٹس آگے ہیں۔
دنیا کے ٹاپ 5 بیٹسمین میں پاکستان کے تین بلے باز ہیں۔ جی ہاں! امام الحق بھی یہاں موجود ہیں۔ عین ممکن ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف باقی میچز میں امام الحق بہترین کارکردگی دکھا کر تیسری پوزیشن پر آ جائیں۔ یوں ایک ایسے سال میں، جس میں ون ڈے ورلڈ کپ ہے، دنیا کے ٹاپ تھری بلے باز پاکستان کے ہو جائیں۔
ون ڈے انٹرنیشنل: ٹاپ 10 بیٹسمین
رینک | ٹیم | پوائنٹس | |
---|---|---|---|
1 | بابر اعظم | پاکستان | 887 |
2 | فخر زمان | پاکستان | 784 |
3 | رسی وان ڈیر ڈسن | جنوبی افریقہ | 777 |
4 | شبمن گل | بھارت | 738 |
5 | امام الحق | پاکستان | 737 |
6 | ڈیوڈ وارنر | آسٹریلیا | 726 |
7 | ویراٹ کوہلی | بھارت | 719 |
8 | کوئنٹن ڈی کوک | جنوبی افریقہ | 718 |
9 | روہت شرما | بھارت | 707 |
10 | اسٹیو اسمتھ | آسٹریلیا | 702 |
ویسے پاکستان ہمیشہ سے اپنی بالنگ کی وجہ سے مشہور رہا ہے، لیکن ون ڈے بالرز کی رینکنگ میں ٹاپ 10 میں پاکستان کا صرف ایک بالر ہے۔ شاہین آفریدی بڑی مشکل سے ٹاپ 10 میں اپنی پوزیشن بچا پائیں گے اور دو درجے زوال کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔ باقی پاکستانی بالرز کا حال تو اس سے بھی گیا گزرا ہے۔ ٹاپ 50 میں صرف دو مزید پاکستانی ہیں، ایک محمد نواز 29 ویں نمبر پر اور پھر شاداب خان 39 ویں نمبر پر۔ اس کے مقابلے میں آسٹریلیا کے بالرز کا راج ہے۔ جوش ہیزل ووڈ نمبر 1 ہیں، مچل اسٹارک نمبر 3 اور ایڈم زیمپا ساتویں پوزیشن پر ہیں۔
ٹاپ 10 بالرز میں بھارت کے محمد سراج دوسرے نمبر پر، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری تیسری اور چوتھی پوزیشن پر جبکہ افغانستان کے دو بالرز راشد خان چھٹے جبکہ مجیب الرحمٰن آٹھویں نمبر پر ہیں۔ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا نمبر نواں ہے۔
ون ڈے انٹرنیشنل: ٹاپ 10 بالرز
رینک | ٹیم | پوائنٹس | |
---|---|---|---|
1 | جوش ہیزل ووڈ | آسٹریلیا | 705 |
2 | محمد سراج | بھارت | 691 |
3 | مچل اسٹارک | آسٹریلیا | 686 |
4 | ٹرینٹ بولٹ | نیوزی لینڈ | 680 |
5 | میٹ ہنری | نیوزی لینڈ | 666 |
6 | راشد خان | افغانستان | 659 |
7 | ایڈم زیمپا | آسٹریلیا | 652 |
8 | مجیب الرحمٰن | افغانستان | 637 |
9 | شکیب الحسن | بنگلہ دیش | 636 |
10 | شاہین آفریدی | پاکستان | 632 |
پاکستان کے بالرز ایک مرتبہ پھر وہ عروج حاصل کر پائیں گے یا نہیں، لیکن یہ تو واضح ہے کہ بیٹسمین ضرور دنیائے کرکٹ پر راج کر رہے ہیں۔