ویک اینڈ قریب آ رہا ہے، اس کی خوشی ہی اپنی ہوتی ہے لیکن اس ویک اینڈ پر "کچھ خاص" ہے، اس میں پاکستان سپر لیگ 2023 کا فائنل کھیلا جانا ہے۔
اصل شیڈول کے مطابق پی ایس ایل فائنل اتوار 19 مارچ کو ہونا تھا، لیکن اب اچانک اعلان کر دیا گیا ہے کہ یہ 'میگا مقابلہ' ہفتہ 18 مارچ کو ہی کھیل لیا جائے گا۔ لیکن کیوں؟
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اتوار کو لاہور میں بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے، جس کی وجہ سے فائنل کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ لیکن ہمارے پاس پیر کا 'ریزرو ڈے' بھی تو تھا؟ اگر ایسا ہو بھی گیا تو ہم اگلے دن بھی تو کھیل سکتے ہیں؟ لیکن نہیں! انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے چیمپیئن کا فیصلہ ہفتے کو ہی ہوگا۔
چیئرمین نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ پی ایس ایل ٹرافی سب کے لیے بہت اہم ہے۔ ہمارے پاس اب تک جو معلومات ہیں، ان کے مطابق اتوار کو بارش کا امکان ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ ایک دن کے اس وقفے کو استعمال کیا جائے جو پلے آف اور فائنل کے درمیان ہے، یعنی ہفتے کے دن کا۔
انتظامیہ تو کہتی ہے کہ بورڈ نے اس حوالے سے تمام ٹیموں سے بات کی ہے، اور سب نے اس پر اتفاق کیا ہے۔
بظاہر تو ٹیمیں راضی ہیں، لیکن یہ فیصلہ ایلی منیٹر کھیلنے والوں کے لیے بڑی مصیبت بن سکتا ہے۔ مثلاً اسلام آباد اور پشاور کے ایلی منیٹر میں سے جو جیتے گا، اسے اگلے ہی دن ایلی منیٹر 2 کھیلنا ہوگا اور وہاں کامیابی کی صورت میں اسے مسلسل تیسرے روز بھی کھیلنا ہوگا، وہ بھی سیزن کا سب سے بڑا مقابلہ فائنل!
کیا یہ زیادتی نہیں؟ تین دن کی تھکی ہاری ٹیم فائنل کیسے کھیلے گی اور کیسے جیتے گی؟ یہ تو ملتان سلطانز کو واک اوور دینے والی بات ہو گئی۔