بابر اعظم کو ثابت کرنا تھا اور انھوں نے کر دکھایا۔ پی ایس ایل 2023 کے پہلے ایلی منیٹر میں انھوں نے 39 گیندوں پر 64 رنز بنا کر نہ صرف فرنٹ سے لیڈ کیا، بلکہ آخر میں قائدانہ حیثیت سے ایسے فیصلے بھی کیے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میچ پر گرفت حاصل کرنے کے بعد بھی ہار گیا۔ یوں پشاور زلمی اسلام آباد سے پچھلے سال کے ایلی منیٹر میں شکست کا بدلہ لینے میں کامیاب ہو  گیا۔ اس کامیابی میں جہاں بابر کا بڑا کردار تھا، وہیں نوجوان فاسٹ باؤلرز عامر جمال اور سلمان ارشاد کو بھی پورا کریڈٹ دینا چاہیے۔

پاکستان سپر لیگ 2023 - ایلی منیٹر 1

اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی

‏16 مارچ 2023

قذافی اسٹیڈیم، لاہور، پاکستان

نتیجہ: پشاور 12 رنز سے جیت گیا

🟨 پشاور زلمی183-8
بابر اعظم64 (39)
محمد حارث34 (17)
اسلام آباد باؤلنگامرو
شاداب خان40402
حسن علی40371
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ(ہدف: 184)171-6
صہیب مقصود60 (48)
ایلکس ہیلز57 (37)
پشاور باؤلنگامرو
سلمان ارشاد40182
عامر جمال40362

شاداب خان سے پہلی غلطی یہ ہوئی کہ انھوں نے قذافی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایسے میدان پر جہاں اس سیزن میں تمام میچز پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے جیتے ہیں، وہاں اتنا "دلیری" دکھانا گویا بے وقوفی تھی۔ پشاور نے نویں اوور میں ہی اسکور 100 رنز تک پہنچا دیا۔

یہاں بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ وہ بڑے میچز کے بڑے کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے صرف 28 گیندوں پر ففٹی بنائی اور 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یہاں 'کپتان بمقابلہ کپتان' دیکھنے کو ملا جس میں شاداب نے بابر کی وکٹ حاصل کی۔

بابر کے آؤٹ ہوتے ہی اسلام آباد میچ پر چھا گیا۔ جہاں 13 اوورز میں ہی زلمی 137 رنز بنا چکا تھا، وہاں آخری سات اوورز میں اسے صرف 46 رنز بنانے دیے، یعنی اسلام آباد کی باؤلنگ نے انھیں 183 رنز پر ہی محدود کر دیا۔ لگ رہا تھا اسلام آباد میچ میں واپس آ چکا ہے، خاص طور پر تعاقب میں پاور پلے تک تو ایسا ہی لگ رہا تھا جس میں یونائیٹڈ نے 67 رنز بنا دیے اور 11 اوورز میں ہی 100 رنز تک پہنچ گیا، وہ بھی صرف ایک وکٹ دے کر۔

صہیب مقصود اور ایلکس ہیلز دونوں نصف سنچریاں بنا چکے تھے، 77 گیندوں پر 115 رنز کی پارٹنرشپ تو سمجھیں اپنا کام کر گئی تھی، جب میچ نے ایک دم پلٹا کھا لیا۔ عامر جمال نے مسلسل دو اوورز میں صہیب اور ہیلز دونوں کی وکٹیں لے لیں جبکہ درمیان میں سلمان ارشاد اعظم خان کو کلین بولڈ کر کے پشاور کو میچ میں واپس لے آئے۔

وہ 'پرفیکٹ یارکر'

صہیب مقصود نے 48 گیندوں پر 60 اور ہیلز نے صرف 37 گیندوں پر 57 رنز بنائے اور یہ اننگز بھی یونائیٹڈ کو جتوا نہیں پائیں کیونکہ آخری اوورز میں جو ہوا ہے، وہ ناقابلِ یقین تھا۔ جب چار اوورز میں 47 رنز کی ضرورت  تھی تو ہیلز عامر جمال کی 'پرفیکٹ یارکر' پر کلین بولڈ ہوئے اور سب کچھ بدل گیا۔

یہاں فہیم اشرف کا رن آؤٹ اسلام آباد کے زخموں پر نمک چھڑک گیا۔ صرف 16 گیندوں پر چار وکٹیں گر چکی تھیں اور معاملہ آخری دو اوورز میں 30 رنز تک پہنچ گیا۔ یہاں بابر اعظم نے کوچ ڈیرن سیمی کے مشورے کے باوجود وہاب ریاض کو گیند نہیں تھمائی، اور جوانوں پر بھروسا کیا جنہھوں نے مایوس نہیں کیا۔ شاداب خان تمام تر کوشش کے باوجود  اسلام آباد کو بچا نہیں پائے اور پشاور نے 12 رنز سے میچ جیت لیا۔

سلمان ارشاد نے اپنے چار اوورز میں صرف 18 رنز دیے اور دو وکٹیں حاصل کیں، لیکن اصل 'امپیکٹ پلیئر' تھے عامر جمال، جنھوں نے صہیب اور ہیلز کی وکٹیں لیں اور فہیم اشرف کو رن آؤٹ کر کے پشاور کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اسی پر انھیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی ملا۔

اب ہوگا راؤنڈ 2

اب ایلی منیٹر 2 میں  پشاور زلمی مقابلہ کرے گا، لاہور قلندرز کا۔ یہ بہت ہی زبردست مقابلہ ہوگا۔ جہاں پشاور مسلسل دو میچز جیت چکا ہے، وہیں قلندرز  اپنے آخری دونوں میچز ہارے ہیں۔ اس لیے کہا  جا سکتا ہے کہ مومینٹم پشاور کے ساتھ ہے، لیکن ایک مسئلہ ہے: قذافی اسٹیڈیم میں کوئی ٹیم ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نہیں جیت سکی، تو کیا کل بھی ایسا ہی ہوگا؟ جو بھی ہوا ٹاس اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور جو جیتا وہ فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گا۔

شیئر

جواب لکھیں