شاباش محمد رضوان! ہمیں آپ سے یہی امید تھی! پاکستان سپر لیگ کا آغاز ہوا، ہم نے دیکھا، سب نے دیکھا کہ کس طرح betting کمپنیز اپنے دھندے لے کر پاکستان آ گئی ہیں، جعلی نام اور گندے کام کے ساتھ۔

چھ میں سے چار ٹیمیں ایسی ہیں جن کے کپڑوں پر ہم نے ان کے لوگوز دیکھے، کوئی اسپورٹس کا سامان بیچنے کا جھوٹ بول رہا ہے تو کوئی نیوز ویب سائٹس کا، لیکن ان سب کا اصل کام ہے جوئے کی ویب سائٹس چلانا۔

جب سب اس حقیقت کو چھپا رہے تھے، تب 'رفتار' آپ کے سامنے لایا سچ!

اور یقین کریں، اُس وقت بھی ہمارے ذہن میں یہی تھا کہ محمد رضوان ایسا نہیں کر سکتے، وہ ضرور انجانے میں غلطی کر رہے ہیں۔

Raftar Bharne Do

رضوان کی ٹیم ملتان سلطانز کی شرٹ پر وولف 777 نیوز کا لوگو تھا، جو جوئے کی ایک ویب سائٹ کا جعلی برانڈ ہے۔

ہم نے بار بار آواز اٹھائی، اِس امید کے ساتھ کہ یہ آواز سب تک پہنچے۔ اور آپ کی وجہ سے، جنھوں نے ہماری پیغام کو پھیلایا، ہماری وڈیوز کو لائیک کیا، اور انھیں اتنا شیئر کیا کہ اب یہ بات کسی سے چھپی ہوئی نہیں۔ اور بالآخر محمد رضوان کو بھی پتہ چل ہی گیا کہ یہ اصل میں نیوز ویب سائٹ نہیں، بلکہ betting کمپنی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے کوالیفائر میں کپتان محمد رضوان اپنی شرٹ پر یہ لوگو چھپا کر کھیلے۔ اُن کے سینے پر لگا یہ چھوٹا سا ٹیپ کا ٹکڑا، اصل میں بہت بڑا ہے، بہت عظیم ہے۔ جس نے لوگو کو تو چھپا دیا لیکن حقیقت ظاہر کر دی!

لوگ تو اِن ویب سائٹس کا اصل رُوپ چھپا رہے تھے، حیلے کر رہے تھے، آنکھوں دیکھی مکھی نگل رہے تھے۔ لیکن رضوان کے اِس ایک قدم نے سب کو بتا دیا ہے، اور ساتھ ہی ایسی کمپنیوں کا لوگو لگا کر کھیلنے والوں پر بھی سوال اٹھا دیا ہے۔

یہی نہیں! ٹیپ کے اس چھوٹے سے ٹکڑے نے پاکستان سپر لیگ کی تمام ٹیموں بلکہ پی ایس ایل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ کو بھی آئینہ دکھا دیا ہے۔ جو آج سے نہیں، سال ڈیڑھ سے ایسی کمپنیوں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے۔

اب بھی وقت ہے! کرکٹ کے نام پر جوئے کی یہ پروموشن بند کریں، لوگوں کے گھر برباد نہ کریں، نوجوانوں کو اس دلدل میں مت گھسیٹیں۔ کرکٹ ہمارے نوجوانوں کی مثبت ایکٹیوٹی ہے، ایسی کمپنیوں کو اسپانسر بنا کر انھیں جوئے کی طرف مت لے جائیں۔

آخر میں جہاں رضوان کو سلام ہے، وہیں اب ہمیں شاہین آفریدی سے امید ہے کہ اس سلسلے میں اگلا قدم وہی اٹھائیں گے۔

شیئر

جواب لکھیں