پاکستان سپر لیگ میں کھیلتی ٹیموں کی کٹس تو آپ نے دیکھی ہوں گی۔ کراچی کنگز کی کٹ پر بڑا بڑا 1xBAT لکھا ہوا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپڑوں پر bj Sports، ملتان سلطانز کے سینے پر Wolf777News تو لاہور قلندرز کی بیک پر MelBat پرنٹ ہے۔
یہ کون سی کمپنیاں ہیں؟ اور ان کی پروڈکٹ کیا ہے؟
اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ یہ اسپورٹس کا سامان بناتی اور بیچتی ہیں یا خبروں کی ویب سائٹس ہیں تو آپ بہت ہی معصوم ہیں۔
یہ اصل میں بیٹنگ کمپنیز ہیں، یعنی کی ویب سائٹس۔ لیکن پاکستان میں تو جوا اور قمار بازی غیر قانونی ہے، بلکہ ایسا کرنے پر تو سزا ملتی ہے۔ تو یہ کمپنیاں کیسے کام کر رہی ہیں؟ وہ بھی پاکستان کے سب سے بڑے اسپورٹ ایونٹ میں اسپانسر بن کر؟
یہ کون سی اسٹریٹجی ہے؟
اس اسٹریٹجی کو کہتے ہیں: سروگیٹ ایڈورٹائزنگ (Surrogate Advertising)، جو ایسی پروڈکٹ کی ہوتی ہے جس کا اشتہار چلانے پر اصل میں پابندی ہو۔ تو مین پروڈکٹ کا نام استعمال کر کے کوئی دوسری "پروڈکٹ" پیش کی جاتی ہے، جو ہو سکتا ہے اصل میں وجود ہی نہ رکھتی ہو، یا ہو بھی تو اصل مقصد اسے بیچنا نہ ہو۔
پی ایس ایل کے ان اسپانسرز ک نام دیکھیں: Bet کی جگہ Bat کا لفظ استعمال کیا گیا ہے اور یہ کوشش کی گئی ہے کہ اصل میں وہ اسپورٹس کا سامان بیچ رہی ہیں، حالانکہ حقیقت یہ نہیں۔
سروگیٹ ایڈورٹائزنگ سے کمپنیوں کو اپنی بنیادی پروڈکٹ کی برانڈنگ میں مدد ملتی ہے اور اس کی بالواسطہ تشہیر (Indirectly Advertisement ) ہو جاتی ہے۔
سروگیٹ ایڈورٹائزنگ کی ایک مثال
آپ کو وہ مشہور انڈین ٹیلی وژن کمرشلز ضرور یاد ہوں گے جن میں یہ جملہ ہوتا تھا: 'Men Will Be Men'۔ ظاہر تو یہی کیا جاتا تھا کہ یہ میوزک سی ڈیز اور کیسٹوں کے اشتہار ہیں، لیکن اصل میں یہ امپیریئل بلو وسکی یعنی شراب کا اشتہار ہوتا تھا۔ کیونکہ بھارت میں شراب کے اشتہارات پر پابندی ہے اس لیے وہ اپنی برانڈ بلڈنگ اور مین پروڈکٹ کی brand recognition کے لیے سروگیٹ ایڈورٹائزنگ کا سہارا لیتے تھے۔
پی ایس ایل انتظامیہ بھی شریک
افسوس کی بات یہ ہے کہ پی ایس ایل میں کُل چھ ٹیموں میں سے چار کی کٹ پر ایسی جوئے کی کمپنیوں کے لوگو لگے ہوئے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ خود پی ایس ایل کے مین اسپانسرز میں بھی دافا نیوز (DafaNews ) شامل ہے جو اصل میں DafaBet کی سروگیٹ ایڈورٹائزنگ ہے۔ صرف اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی ایسی ٹیمیں ہیں جن کی کٹ پر ایسی کسی کمپنی کا لوگو نہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ اتنی اتاؤلی ہو چکی ہے کہ اب وہ جوئے کی کمپنیوں کو بھی قبول کرنے کے لیے تیار ہے۔ اگر کل کسی شراب بنانے والی کمپنی نے اس طرح اپنی سروگیٹ ایڈورٹائزنگ شروع کر دی تو کیا وہ ان کے اشتہار لینے کو بھی تیار ہو جائیں گے؟