ابھی کل ہی تو ہم راولپنڈی کی اسپورٹنگ وکٹ کی بات کر رہے تھے، اور آج ہی وہ “پھٹّا” وکٹ سامنے آ گئی، جس پر 2 اننگز میں صرف 4 وکٹیں گریں اور رنز بنے 483۔ یعنی ایک نیا پی ایس ایل ریکارڈ بن گیا۔ کوئٹہ نے ناممکن کو ممکن بنا دیا اور پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں سب سے بڑا کامیاب چَیز کر لیا۔

یہی نہیں، اِس میچ میں اور بھی بہت سے ریکارڈ بنے : جیسن روئے نے 145 رنز بنا کر پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیل ڈالی اور کوئٹہ کو وہ جیت دلائی، جس کا وہ پورے سیزن انتظار کرتا رہا۔ اِس طوفانی اننگز نے پشاور زلمی كے کیپٹن بابر اعظم سے ان کی پہلی پی ایس ایل ہنڈریڈ کی خوشی چھین لی، اور اب ان کی ٹیم کو ہر مقابلہ جیتنا ہے۔

پاکستان سپر لیگ

پشاور زلمی بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

‏8 مارچ 2023

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی، پاکستان

نتیجہ: کوئٹہ 8 وکٹوں سے جیت گیا

🟨 پشاور زلمی240-2
بابر اعظم115 (65)
صائم ایوب74 (34)
کوئٹہ باؤلنگامرو
ڈیوین پریٹوریئس40401
نسیم شاہ40390
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز(ہدف: 241)243-2
جیسن روئے145* (63)
محمد حفیظ41 (18)
پشاور باؤلنگامرو
مجیب الرحمٰن40381
وہاب ریاض40561

پشاور کی پہلی غلطی

پشاور نے پہلی غلطی تب کی، جب ٹاس جیت کر پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ ایک ایسے گراؤنڈ پر جہاں کل ہی 200+ چَیز ہوا تھا اور رات كے وقت بولرز کو بہت مشکل پیش آئی تھی۔ وہاں پر بابر اعظم کو اپنا فیصلہ کافی مهنگا پڑا۔ راولپنڈی میں اب تک کھیلے گئے 7 میچز میں سے 5 ایسے تھے، جہاں ٹارگٹ چَیز کرنے والی ٹیم جیتی بلکہ اُن میں سے 3 تو ایسے ہیں جن میں 200+ کا ہدف بھی کامیابی سے عبور ہو گیا۔

صائم-بابر کمال بیٹنگ

صائم ایوب اور بابر اعظم نے آج بہت کمال بیٹنگ دکھائی۔ دونوں نے پاورپلے میں ہی 67 رنز بنا ڈالے۔ صائم كے شاٹس تو ویسے ہی دیکھنے والے ہوتے ہیں، آج تو انھوں نے صرف 24 بالز پر ہی ففٹی بنا ڈالی۔ اننگز کے درمیان میں پہنچنے تک یعنی 10 اوورز بعد ہی اسکور بورڈ پر 110 رنز موجود تھے۔ جی ہاں ! بغیر کسی وکٹ كے نقصان كے۔

یہ پارٹنرشپ 14ویں اوور میں 162 رنز پر ختم ہوئی جس میں صائم کا حصہ صرف 36 بالز پر 74 رنز کا تھا۔ اِس اننگز میں صائم کو ایک زندگی بھی ملی تھی، جب صرف 6 رنز پر ان کا ایک آسان کیچ ڈراپ ہوا تھا۔

کنگ کی واپسی

دوسرے اینڈ سے بابر اعظم نے بھی اگلی پچھلی ساری کسریں نکال دیں۔ انھوں نے 60 گیندوں پر اپنی پہلی پی ایس ایل ہنڈریڈ مکمل کی۔ وہ 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنانے كے بعد آخری اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ روومین پاول كے 35 رنز زلمی کو 240 رنز تک پہنچا گئی۔ ایک ایسا اسکور جو کافی سے زیادہ لگتا تھا۔

کوئٹہ کا‘ بڑا لڑکا’

لیکن، آج کوئٹہ والے بھی ‘بڑا لڑکا’ لائے تھے۔ جی ہاں ! جیسن روئے، جو بنگلہ دیش كے خلاف انگلینڈ کی نمائندگی کر کے واپس آ چکے تھے اور آتے ہی زلمی کی اینٹ کا جواب دیا پتھر سے۔

راولپنڈی کی یہ وکٹ 240 رنز سے بھی اچھی تھی۔ جیسن روئے پنڈی کو میرپور سمجھ کر کھیلے اور زلمی كے بولرز کو بنگلہ دیشی بولر تصور کر كے کو وہ دھویا، وہ دھویا کہ تاریخ کی سب سے بڑی پی ایس ایل اننگز کھیل ڈالی اور سب سے بڑا ٹارگٹ چَیز کر لیا۔ روئے کی اننگز صرف 63 بالز پر مشتمل تھی، جس میں انھوں نے 5 چھکے اور 20 چوکے لگائے اور ناٹ آؤٹ 145 رنز كے ساتھ 19 ویں اوور میں ہی ہدف کو جا لیا۔

اِس اننگز نے 2019 میں کراچی کنگز كے کولن انگرام کا 127 رنز کا ریکارڈ توڑ ڈالا ہے۔ ویسے یہ روئے کی پہلی پی ایس ایل ہنڈریڈ نہیں تھی۔ انھوں نے پچھلے سال بھی ایک سنچری بنائی تھی۔ اور اِس مرتبہ چاہے کوئٹہ کا حال جیسا بھی ہو، روئے نے اپنی ایک جھلک دکھلا دی ہے۔

پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز

رنزگیندیں4s6sبمقابلہبمقامبتاریخ
🟪 جیسن روئے145*63205پشاورراولپنڈی‏8 مارچ '23
🟦 کولن انگرام127*59128کوئٹہشارجہ‏24 فروری '19
🟥 کیمرون ڈیلپورٹ117*60136لاہورکراچی‏9 مارچ '19
🟥 شرجیل خان11762128پشاوردبئی‏21 فروری '16
🟪 مارٹن گپٹل11767125کراچیکراچی‏18 فروری '23

ویسے پروفیسر صاحب محمد حفیظ کی خدمات کو بھی نہیں بھولنا چاہیے، انھوں نے آج ‫18 بالز پر 2 چوکوں اور 6 چھکوں كے ساتھ ناٹ آؤٹ 41 رنز بنائے اور اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔

لاکھوں میں ایک چانس

اِس شکست نے پشاور کو ذرا پریشان ضرور کیا ہے، بہتر یہ ہے كے وہ اپنے آخری دونوں میچز جیتے۔ ویسے کوئٹہ كے لیے بھی چھوٹی سی امید پیدا ہوئی ہے۔ اسے ملتان سلطانز كے خلاف اپنا آخری میچ جیتنا ہو گا اور دعا کرنا ہوگی کہ ملتان اپنا دوسرا میچ ہارے، یا زلمی باقی دونوں میچز میں شکست کھا جائے۔ ایسا ہوا تو 8، 8 پوائنٹس برابر ہونے کی وجہ سے معاملہ نیٹ رن ریٹ پر جائے گا، اور یہاں کوئٹہ کا کوئی چانس بن سکتا ہے۔ ہے تو بہت دُور کی کوڑی، لیکن چاہے لاکھوں میں ایک چانس کیوں نا ہو؟ چانس تو ہے نا !

پاکستان سپر لیگ 2023: پوائنٹس ٹیبل

‏7 مارچ 2023

میچزفتوحاتشکستیںپوائنٹسن ر ر
🟩 لاہور قلندرز862120.938
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ86212‎-0.036
🟦 ملتان سلطانز84480.473
🟨 پشاور زلمی8448‎-0.580
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز9366‎-1.120
🟦 کراچی کنگز92740.358
شیئر

جواب لکھیں