کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تھوڑی بہت امید اب بھی باقی ہے جبکہ کراچی کی کہانی سمجھیں اب ختم ہو گئی ہے۔ پورے سیزن میں کامیابی کے لیے ترستی سرفراز الیون نے صرف 2 کامیابیاں حاصل کیں اور دونوں کراچی کنگز کے خلاف۔ جی ہاں! کراچی ایک اور میچ ہار گیا ہے، اور پی ایس ایل کی تاریخ میں 50 میچز ہارنے والی پہلی ٹیم بن گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ 2023ء

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز

‏6 مارچ 2023

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی، پاکستان

نتیجہ: کوئٹہ 4 وکٹوں سے جیت گیا

🟦 کراچی کنگز164-6
ایڈم روسنگٹن69 (45)
عماد وسیم30* (20)
کوئٹہ باؤلنگامرو
ایمل خان40262
نسیم شاہ40312
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز(ہدف: 165)168-6
مارٹن گپٹل86* (56)
سرفراز احمد29 (25)
کراچی باؤلنگOMRW
تبریز شمسی40202
عامر یامین2.50211

کراچی: 19 میچز، 3 جیتے، 16 ہارے

کراچی کنگز نے تو آخری سیزن میں اور اس سال بھی حد ہی کر دی ہے۔ 19 میچز میں سے صرف 3 جیتا ہے اور 16 ہارا ہے۔ ویسے اس سال یہ کہا جا سکتا ہے کہ ان کی قسمت خراب ہے، ان کے کئی میچز بہت کلوز ہوئے اور بہت کم مارجن سے ہارے لیکن نتیجہ بہرحال یہی نکلا کہ وہ ایک بار پھر پلے آف کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکے۔

ایک اور بُرا آغاز

آج بھی کراچی کی اننگز کا آغاز ویسا نہیں ہوا، جیسا چاہیے تھا۔ پہلی گیند پر ہی میتھیو ویڈ نسیم شاہ کی کمال گیند کا نشانہ بنے۔

یہاں ایڈم روسنگٹن کے سوا کوئی دوسرا بیٹسمین کوئٹہ کی باؤلنگ کے سامنے ڈٹ نہیں سکا۔ روسنگٹن نے تقریباً سبھی باؤلرز کو دھویا، نسیم شاہ، محمد نواز، نوین الحق، ڈیوین پریٹوریئس، سبھی کو انہوں نے کسی نہ کسی مرحلے پر مسلسل دو باؤنڈریز لگائیں۔ ان کی وجہ سے پاور پلے میں 53 رنز بنے۔ لیکن اس کے بعد رنز کا بہاؤ رک گیا اور چار اوورز میں صرف 18 رنز بن سکے۔

ڈاٹ بالز کا یہی پریشر کنگز کے مڈل آرڈر کو لے ڈوبا۔ طیب طاہر 12 گیندوں پر 7، قاسم اکرم 10 گیندوں پر 8 اور شعیب ملک 15 گیندوں پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ البتہ روسنگٹن نے 32 گیندوں پر ففٹی بنائی اور عماد وسیم کے ساتھ میچ نکالنے کی کوشش کی۔

عماد نے ایک مرتبہ پھر اسٹرائیک ریٹ کو سنبھالا، ایمل خان کو ایک ہی اوور میں دو چھکے اور دو چوکے لگائے۔ روسنگٹن بہت اچھا کھیلے اور 45 گیندوں پر 69 رنز بنائے۔ انہوں نے 16ویں اوور میں نسیم شاہ کو جو چھکا لگایا، وہ تو دیکھنے کے لائق تھا۔

ایک دلچسپ اوور

کراچی کی اننگز کا 19واں اوور بہت ہی دلچسپ تھا۔ عامر یامین کا چھکا، پھر وائیڈ پر 4 رنز، مارٹن گپٹل کا ڈراپ کیچ، پھر چوکا۔ اس کے بعد آخری اوور کا آغاز بھی چھکے کے ساتھ ہوا۔ کراچی نے آخری پانچ اوورز میں 51 رنز کا اضافہ کر کے اسکور 164 رنز تک پہنچا دیا۔ عامر یامین نے 11 گیندوں پر 23 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم 20 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

میچ کراچی کی گرفت میں، لیکن۔۔۔

تعاقب کرتے ہوئے کوئٹہ پاور پلے میں 43 رنز تو بنا گیا لیکن تبریز شمسی نے انھیں پکڑ لیا۔ نہ نجیب اللہ زدران کل جیسی اننگز کھیل سکے اور نہ ہی عمر اکمل۔ 10 اوورز میں 64 رنز پر ہی پانچ آؤٹ تھے۔ میچ کراچی کی مضبوط گرفت میں تھا جب سرفراز اور مارٹن گپٹل نے اسے سنبھالا اور آخری پانچ اوورز کا مرحلہ شروع ہوا تو کوئٹہ کو 68 رنز درکار تھے۔

ایک بڑا اور فیصلہ کن اوور

یہاں کوئٹہ کو ایک بڑے اوور کی ضرورت تھا، جو بنا جیمز فلر کا پھینکا گیا 17واں اوور۔ پہلی گیند پر چھکا، پھر تین چوکے اور آخری بال پر ایک اور چھکا، اوور میں لوٹے 24 رنز کوئٹہ کو میچ میں واپس لے آئے۔

آخری اوور میں کوئٹہ کو صرف 9 رنز کی ضرورت تھی، اور گیند ملی عامر یامین کو۔ ایسے موقع پر وہ نجانے کیسے سب سے آگے آ جاتے ہیں۔ اس اوور میں سرفراز نے اپنی قربانی دے کر گپٹل کو رن آؤٹ سے بچایا اور پھر ڈیوین پریٹوریئس نے چوکا لگا کر کراچی کا کام تمام کر دیا۔

مارٹن گپٹل کی طوفانی اننگز

مارٹن گپٹل 56 گیندوں پر 86 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ میدان سے واپس آئے، اور مین آف دی میچ بنے۔ اس سیزن میں انھوں نے 7 اننگز میں کُل 257 رنز بنائے اور مزے کی بات یہ کہ اس میں سے 203 رنز کراچی کنگز کے خلاف تھے

کراچی کا دشمن، کوئٹہ

کوئٹہ نے بھی اس سیزن میں صرف 2 میچز ہی جیتے ہیں، اور دونوں ہی کراچی کے خلاف رہے۔ مسلسل 5 شکستوں کے بعد انہیں کنگز کے خلاف ہی اپنی اگلی کامیابی ملی۔ کراچی مسلسل تین ناکامیوں کے بعد اب ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر ہے۔ شاید کوئی معجزہ ہی اسے بچا سکے، جس کا امکان بھی نظر نہیں آتا۔

پاکستان سپر لیگ 2023ء: پوائنٹس ٹیبل

بمطابق: 6 مارچ 2023ء

میچزجیتےہارےپوائنٹسن ر ر
🟩 لاہور قلندرز761121.321
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ75210‎-0.093
🟦 ملتان سلطانز74380.568
🟨 پشاور زلمی6336‎-0.896
🟦 کراچی کنگز92740.358
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز8264‎-1.344
شیئر

جواب لکھیں