آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر  کی سربراہی میں جی ایچ کیو میں اسپیشل کور کمانڈرز کانفرنس (CCC) کا انعقاد کیا گیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے ان شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنھوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شرکا نے ملک میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، خاص طور پر مسلم باغ حملے میں فوجیوں کی طرف سے دیے گئے دلیرانہ جواب کا اعتراف کیا اور سرزمین کے بہادر بیٹوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اعلامیے کے مطابق شرکا کو موجودہ اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورت حال کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ فورم نے گزشتہ چند دنوں میں امن و امان کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا جو مخصوص سیاسی مفادات کے حصول کے لیے پید کی گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ شہدا کی تصاویر، یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی گئی تاکہ ادارے کو بدنام کیا جاسکے اور اسے ردعمل پر اکسایا جائے۔ شرکا نے ان واقعات کی سخت ترین مذمت کی۔ کور کمانڈروں نے ان افسوس ناک اور ناقابل قبول واقعات پر فوج کے افسروں اور جوانوں کے غم اور تشویش کا بھی اظہار کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس
خصوصی کورکمانڈرز کانفرنس، 9 مئی کے واقعات پر سخت کارروائی کا اعلان 1

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ناقابل تردید ثبوتوں کی بنیاد پر مسلح افواج ان حملوں کے منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور مجرموں سے بخوبی واقف ہیں اور اس سلسلے میں حقائق مسخ کرنے کی کوششیں بالکل بے سود ہیں۔ فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوجی تنصیبات، اہلکاروں اور سازوسمان کے خلاف ان گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو پاکستان کے متعلقہ قوانین بشمول پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ فورم نے فیصلہ کیا کہ کسی بھی حالت میں فوجی تنصیبات اور سیٹ اپ پر حملہ کرنے والے مجرموں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فوج کی قیادت کے خلاف بیرونی طور پر اسپانسر شدہ اور اندرونی طور پر سہولت یافتہ، منظم پروپیگنڈا جنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کے درمیان، اور مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں  کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے۔ ایسی دشمن قوتوں کے مذموم پروپیگنڈے کو پاکستانی عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔ فورم نے سوشل میڈیا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے جاری سیاسی عدم استحکام کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکے، اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی اور جمہوری عمل کو تقویت مل سکے۔ فورم نے اس انتہائی ضروری اتفاق رائے تک پہنچنے کے لیے ایسی تمام کوششوں کی حمایت کرنے کا عزم بھی کیا۔

فورم نے عزم کیا کہ پاک فوج پاکستان کے عوام کی مکمل حمایت سے پاکستان دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔

شیئر

جواب لکھیں