لاہور قلندرز نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ وہ واقعی دفاعی چیمپیئن ہے۔ پی ایس ایل 8 میں مسلسل پانچویں کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر لاہور کی پوزیشن اور مضبوط کر دی ہے بلکہ پلے آف بھی تقریباً کنفرم ہو گیا ہے۔

ویسے ہمیں ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں بہت سخت مقابلے کی امید تھی، بالخصوص سیزن میں دونوں کے گزشتہ مقابلے کو دیکھتے ہوئےکہ جس میں لاہور صرف 1 رن سے جیتا تھا، لیکن راشد خان کی کمال باؤلنگ کے سامنے 181 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے سلطانز 155 رنز ہی بنا سکے۔

پاکستان سپر لیگ 2023ء

لاہور قلندرز بمقابلہ ملتان سلطانز

‏4 مارچ 2023

قذافی اسٹیڈیم، لاہور، پاکستان

نتیجہ: لاہور 21 رنز سے جیت گیا

🟩 لاہور قلندرز180-9
سیم بلنگز54 (35)
عبد اللہ شفیق48 (35)
ملتان باؤلنگامرو
انور علی30212
کیرون پولارڈ20162
🟦 ملتان سلطانز(ہدف: 181)159-7
کیرون پولارڈ39 (28)
محمد رضوان30 (27)
لاہور باؤلنگامرو
راشد خان40153
حارث رؤف40301

قلندرز کا اسٹارٹ اچھا بالکل نہیں تھا۔ ٹاس جیتنے کے بعد 0 پر ہی فخر زمان کی بڑی وکٹ گر گئی۔ طاہر بیگ اور عبد اللہ شفیق نے پاور پلے کا استعمال کیا، اور پانچ اوورز میں اسکور کو 50 رنز تک پہنچا دیا۔ جس کے بعد طاہر مرزا احسان اللہ کا پہلا شکار بنے۔

تم سیم بلنگز اور عبد اللہ شفیق نے اچھی پارٹنرشپ کی اور ایک بڑے ٹوٹل کے لیے بہترین بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے اہم ترین مرحلے پر، جس میں سب سے کم رنز بنتے ہیں، یعنی 8ویں سے 12ویں اوور میں بغیر کوئی وکٹ دیے 50 رنز کا اضافہ کیا۔

اس سے پہلے کہ یہ شراکت داری کوئی خطرناک روپ لیتی، رضوان نے امپرووائزیشن کی اور کیرون پولارڈ کو گیند پکڑا دی۔ انہوں نے پہلے ہی اوور میں عبد اللہ شفیق کو آؤٹ کر کے اس 69 رنز کی شراکت داری کا خاتمہ کر دیا۔ یہی نہیں، اگلے اوور میں 54 رنز بنانے والے سیم بلنگز کو بھی ٹھکانے لگا دیا۔

دوسرے اینڈ سے احسان اللہ نے ڈینجر مین سکندر رضا کو ایل بی ڈبلیو کیا تو لاہور کی اننگز پٹری سے اتر گئی۔

15 اوورز میں 142 رنز بننے کے باوجود لاہور آخری پانچ اوورز ميں صرف 38 رنز کا اضافہ کر سکا، وہ بھی پانچ وکٹیں دے کر۔ لگتا تھا ملتان میچ لے جائے گا۔ لیکن ایک مرتبہ پھر ان کے پاس قلندری باؤلنگ کا کوئی جواب نہيں تھا۔

ملتان کا چَیز

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ملتان کا آغاز اتنا بُرا نہیں تھا۔ پاور پلے میں کوئی وکٹ نہیں دی۔ لیکن رن ریٹ اچھا نہیں تھا۔ شان مسعود اور محمد رضوان کی 48 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ ہی 39 گیندیں استعمال کر گئیں۔ جو کسر رہ گئی تھی وہ اسامہ میر کو ون ڈاؤن بھیجنے کے فیصلے سے پوری ہو گئی، جو اس پوزیشن پر مؤثر ثابت نہیں ہوئے۔

رن ریٹ میں اضافہ کرنے کا دباؤ اس وقت پڑا جب جادوگر راشد خان باؤلنگ کرنے آئے۔ ایک طرف رنز بنانے کی تڑپ تو دوسری طرف راشد خان کی گگلیاں، ملتان کچھ نہیں کر سکا اور 4 اوورز میں رضوان اور روسو سمیت پورا مڈل آرڈر ضائع کر بیٹھا۔

کیرون پولارڈ نے آخر میں اپنی سی کوشش کی لیکن آخری تین اوورز میں 65 رنز بنانا کسی کے بس کی بات نہیں تھی، خاص طور پر لاہوری باؤلنگ اٹیک کے سامنے۔

ٹرننگ پوائنٹ

راشد خان کے 2 اوورز نے گویا میچ کا فیصلہ کر دیا۔ شاید ان کے اوورز ضائع کرنے کے لیے ہی اسامہ میر کو پہلے بھیجا گیا تھا، لیکن راشد نے نہ صرف اسامہ بلکہ ان کے بعد ڈیوڈ ملر اور رائلی روسو کی وکٹیں لے کر ملتان کی کہانی ختم کر دی۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 15 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

سلطانز! ذرا سنبھل کر

اس کامیابی نے لاہور کی ٹاپ پوزیشن کو اور مضبوط کر دیا ہے۔ لاہور قلندرز اب تک 7 میچز کھیلے ہیں اور صرف ایک ہارے ہیں جبکہ مسلسل پانچ کامیابیوں کے ساتھ پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنا دیا ہے۔ ویسے یہ شکست ملتان کو بھی دوسری پوزیشن سے ہٹا نہیں پائی۔ ایک کے بعد دوسری شکست کھا کر بھی ان کے پوائنٹس اور نیٹ رن ریٹ باقی ٹیموں سے بہتر ہیں۔

پی ایس ایل 8 کے گروپ مرحلے کے آخری مقابلوں کے لیے سلطانز کو اب سنبھل کر کھیلنا ہوگا۔ ورنہ 2020 کی کہانی دوبارہ دہرا دی جائے گی۔ 2018 میں بھی سلطانز اپنے پہلے 6 میچز میں صرف ایک ہارا تھا، لیکن پھر مسلسل چار شکستوں کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ اس لیے ہم یہی کہیں گے۔ سلطانو! ذرا سنبھل کر!

پاکستان سپر لیگ 2023ء: پوائنٹس ٹیبل

‏4 مارچ 2023ء

میچزجیتےہارےپوائنٹسن ر ر
🟩 لاہور قلندرز761121.321
🟦 ملتان سلطانز74380.568
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ6428‎-0.184
🟨 پشاور زلمی6336‎-0.896
🟦 کراچی کنگز82640.437
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز6152‎-1.768

شیئر

جواب لکھیں