کولن منرو کی دھواں دار ففٹی اور پھر اعظم خان اور فہیم اشرف کی ذمہ دارانہ اننگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پلے آف میں پہنچا دیا ہے۔ یہ پاکستان سپر لیگ 2023ء میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مسلسل پانچویں شکست ہے، جس کے بعد وہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخر میں پڑا ہوا ہے۔ ہر مقابلے کے ساتھ اس کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات گھٹتے جا رہے ہیں۔ اگر ایسا ہی رہا تو مسلسل چوتھا سیزن ہوگا کہ گلیڈی ایٹرز لیگ اسٹیج پر ہی پی ایس ایل سے باہر ہو جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ 2023ء

اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

‏5 مارچ 2023

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی، پاکستان

نتیجہ: اسلام آباد 2 وکٹوں سے جیت گیا

🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز179-6
نجیب اللہ زدران59 (34)
محمد نواز52 (44)
اسلام آباد باؤلنگامرو
فضل حق فاروقی40253
فہیم اشرف30292
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ(ہدف: 180)183-8
کولن منرو63 (29)
فہیم اشرف39* (31)
کوئٹہ باؤلنگامرو
عمید آصف40373
محمد نواز40172

فضل نے حق ادا کر دیا!

راولپنڈی کی اس خوبصورت شام میں ٹاس اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتا اور پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ فضل حق فاروقی کا پہلا اوور ہی ایسا تھا کہ اس فیصلے کا حق ادا ہو گیا۔ انھوں نے ایک پرفیکٹ بال پر ول سمیڈ کو آؤٹ کر دیا۔

کوئٹہ کو تو جیسن روئے بھی دستیاب نہیں تھے، تو ایسے میں سمیڈ کا 0 پر آؤٹ ہونا بدترین آغاز تھا۔ جس سے بحال ہونے کے لیے سرفراز احمد خون ون ڈاؤن پوزیشن پر آئے۔ وہ الگ بات کہ فائدہ کچھ نہیں ہوا۔ پاور پلے مکمل ہونے تک نہ صرف خود کپتان، بلکہ اوپنر یاسر خان اور افتخار احمد بھی وکٹیں دے چکے تھے۔ جی ہاں! #IftiMania کا پورے سیزن میں صرف شور ہی رہا، دیکھنے کو ابھی تک کچھ نہیں ملا۔

اسلام آباد کی شروع سے ہی میچ پر گرفت کیسی تھی؟ اس کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ کوئٹہ پاور پلے میں صرف 19 رنز بنا سکا، وہ بھی 4 وکٹیں دے کر۔ ان 6 اوورز میں ایک باؤنڈری تک نہیں لگی۔

نجیب-نواز کی ریکوری

یہاں نجیب اللہ زدران اور محمد نواز نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے انفرادی طور پر نصف سنچریاں تو بنائیں، لیکن یہ 64 گیندوں پر 104 رنز کی شراکت داری تھی جو کوئٹہ کو میچ میں واپس لے آئی۔ نواز 44 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو عمر اکمل کھیلنے آئے اور آتے ہی چھا گئے۔

کہاں یہ لگ رہا تھا کہ کوئٹہ پی ایس ایل تاریخ کے کم ترین ٹوٹل 59 سے بھی پہلے آل آؤٹ ہو جائے گا، اور کہاں یہ ریکوری!

پرانا عمر اکمل

یہ اننگز کا 17واں اوور تھا جس میں آتے ہی عمر نے چھکا لگا دیا۔ ان کی 14 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز میں کُل پانچ چھکے اور ساتھ ہی 2 چوکے بھی شامل تھے۔ نجیب اللہ زدران نے بھی 34 گیندوں پر 59 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

آخری پانچ اوورز میں کوئٹہ 65 رنز کا اضافہ کر کے 179 رنز تک پہنچ گیا، جو ایک قابلِ ذکر اسکور تھا۔

ہدف کا آغاز

اسلام آباد نے چَیز شروع کیا تو پہلے اوور میں ہی نسیم شاہ نے خطرناک بیٹسمین رحمٰن اللہ گرباز کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

نسیم شاہ ایک بار پھر جان لڑا رہے تھے لیکن دوسرےاینڈ سے باؤلرز ان کی محنت ضائع کر رہے تھے۔ اس طرح کہ اسلام آباد پاور پلے میں ہی 77 رنز بنا گیا۔ 2 وکٹیں ضرور گریں، ایلکس ہیلز ناکام ہوئے لیکن کولن منرو کی 24 بالز پر ففٹی اسلام آباد کو برتری دے گئی۔

کہانی میں ٹوئسٹ

تب میچ نے ایک پلٹا کھایا۔ 7 اوورز میں اسکور 96 رنز تھا، جب شاداب خان آؤٹ ہوئے اور اگلے اوور میں پہلی بال پر ہی محمد نواز نے کولن منرو کو بھی واپس بھیج دیا۔ کچھ ہی دیر میں مبصر خان بھی آؤٹ ہوئے تو صرف 6 رنز کے اضافے سے یونائیٹڈ کی 3 وکٹیں گر چکی تھیں۔

تب ذمہ داری آئی اسلام آباد کی 'AA بیٹری' یعنی آصف علی اور اعظم خان پر۔ جب آصف 9 گیندوں پر صرف 6 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے تو میچ بہت دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا۔

اعظم اور فہیم کی ذمہ دارانہ اننگز

یہاں اعظم خان اور فہیم اشرف نے سر جھکا کر کھیلنا شروع کیا۔ ہر تھوڑی دیر بعد باؤنڈری ضرور لگاتے رہے لیکن غیر ذمہ دارانہ شاٹس کھیلنے سے بچتے رہے۔ یہاں تک کہ آخری پانچ اوورز میں 47 رنز باقی رہ گئے۔

اعظم 25 گیندوں پر 35 رنز بنانے کے بعد 19ویں اوور میں آؤٹ ہوئے، جس میں عمید نے حسن علی کی وکٹ بھی لی۔

لیکن آخری اوور میں 9 رنز کا دفاع کرنا بہت مشکل تھا۔ نسیم شاہ اور محمد نواز کے سارے اوورز ختم ہوچکے تھے اور محمد حسنین کھیلنے نہیں تھے۔ یوں ناممکن کو ممکن بنانے کے لیے گیند تھمائی گئی اوڈین اسمتھ کو جو ویسے ہی 2 اووورز میں 28 رنز کھا چکے تھے۔ انھوں نے پہلی تینوں گیندوں پر فہیم اشرف سے چوکے کھائے اور کوئٹہ کی امیدوں کا خاتمہ کر دیا۔

فہیم اشرف 31 گیندوں پر 39 رنز کے ساتھ جیت کر ہی واپس آئے، اور کوئٹہ جیت کے بہت قریب پہنچ کر بھی اس سے محروم رہی رہا۔

پوائنٹس ٹیبل

اس جیت نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر پہنچا دیا ہے اور ساتھ ہی پلے آف میں بھی۔ اب باقی 2 پوزیشنوں کے لیے 4 ٹیموں کا مقابلہ باقی ہے، کراچی اور کوئٹہ کو ضرورت ہے کسی معجزے کی، انھیں اپنا گیم اٹھانا ہوگا، ورنہ آخری سیزن کی طرح دونوں لیگ اسٹیج میں ہی باہر ہوجائیں گی۔

پاکستان سپر لیگ 2023ء: پوائنٹس ٹیبل

بمطابق 5 مارچ 2023ء

میچزجیتےہارےپوائنٹسن ر ر
🟩 لاہور قلندرز761121.321
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ75210‎-0.093
🟦 ملتان سلطانز74380.568
🟨 پشاور زلمی6336‎-0.896
🟦 کراچی کنگز82640.437
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز7162‎-1.580
شیئر

جواب لکھیں