رائلی روسو کا تیز ترین پی ایس ایل سنچری کا ریکارڈ صرف ایک دن قائم رہا ، کیونکہ اگلے ہی روز ملتان سلطانز ہی کے عثمان خان نے اسے توڑ دیا ہے۔ جنھوں نے صرف 36 گیندوں پر سنچری بنا کر نہ صرف ملتان کو اپنے آخری میچ میں بڑی کامیابی دلائی ہے بلکہ پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ 2 پر آنے کے امکانات بھی روشن کر دیے ہیں۔
یہ تیز ترین سنچری کا کارنامہ انجام دیا عثمان خان نے۔ سیزن میں اپنی محض دوسری اننگز میں ہی عثمان نے 43 گیندوں پر 120 رنز کی طوفانی اننگز کھیل ڈالی۔ لیکن ایک ایسے دن پر، جو باؤلرز کے لیے ڈراؤنا خواب تھا، اس میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا عباس آفریدی نے۔ جن کی تباہ کن باؤلنگ انھیں سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بنا گئی ہے۔
پاکستان سپر لیگ 2023
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ ملتان سلطانز
11 مارچ 2023
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی، پاکستان
نتیجہ: ملتان 9 رنز سے جیت گیا
🟦 ملتان سلطانز | 262-3 | |
---|---|---|
عثمان خان | 120 (43) | |
محمد رضوان | 55 (29) |
کوئٹہ باؤلنگ | ا | م | ر | و |
---|---|---|---|---|
قیس احمد | 4 | 0 | 77 | 2 |
محمد نواز | 4 | 0 | 50 | 1 |
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | (ہدف: 263) | 253-8 |
---|---|---|
عمیر یوسف | 67 (36) | |
افتخار احمد | 53 (31) |
ملتان باؤلنگ | ا | م | ر | و |
---|---|---|---|---|
عباس آفریدی | 4 | 0 | 47 | 5 |
احسان اللہ | 4 | 0 | 58 | 2 |
ٹاس کوئٹہ نے جیتا اور پہلے ملتان کو کھیلنے کی دعوت د ی اور پھر 10 اوورز میں 157 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ برداشت کی۔ کوئٹہ کی باؤلنگ لائن جو آج نسیم شاہ اور محمد حسنین کے بغیر کھیلی، کو بالکل اندازہ نہیں ہوگا کہ ان کے ساتھ آج کیا ہونے والا ہے؟ ہو سکتا ہے وہ رائلی روسو، ٹم ڈیوڈ اور کیرون پولارڈ کی تیاری کر کے آئے ہوں لیکن سیزن میں اب تک صرف ایک میچ کھیلنے والے اور اس میں بھی صفر پر آؤٹ ہونے والے عثمان خان ان کے ساتھ ایسا کریں گے؟ یہ انہوں نے بالکل نہیں سوچا ہوگا۔
عثمان کا طوفان
عثمان کی 9 چھکوں اور 12 چوکوں سے بھری اس اننگز نے اگلے پچھلے سارے ریکارڈز توڑ دیے۔ ان کی سنچری پر سب سے زیادہ خوش خود رائلی روسو تھے۔ 157 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ میں سے 120 رنز ان کے تھے جبکہ کپتان محمد رضوان کا حصہ صرف 34 رنز کا تھا۔ اور ابھی تو اننگز کے آدھے اوورز باقی تھے یعنی لوٹنے کے لیے بہت کچھ موجود تھا۔ بہرحال، رضوان کی ففٹی اور آخر میں ٹم ڈیوڈ کے 25 گیندوں پر 43 اور پولارڈ کے 14 گیندوں پر 23 رنز ملتان کو 262 رنز تک پہنچا گئے، یعنی پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل کھڑا کر دیا۔
پاکستان سپر لیگ، سب سے بڑا ٹوٹل
اسکور | اوورز | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | |
---|---|---|---|---|---|
🟦 ملتان سلطانز | 262-3 | 20.0 | کوئٹہ | راولپنڈی | 11 مارچ '23 |
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 253-8 | 20.0 | ملتان | راولپنڈی | 11 مارچ '23 |
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ | 247-2 | 20.0 | پشاور | ابوظبی | 17 جون '21 |
🟦 ملتان سلطانز | 245-3 | 20.0 | کوئٹہ | لاہور | 18 فروری '22 |
🟦 ملتان سلطانز | 244-6 | 19.1 | پشاور | راولپنڈی | 10 مارچ '23 |
اتنےرنز بنے تو باؤلرز کا حال بھی دیکھنے والا ہوگا؟ جی ہاں! قیس احمد نے سب سے زیادہ دو وکٹیں ضرور لیں، لیکن ان کے 4 اوورز میں ریکارڈ 77 رنز پڑے۔
اینٹ کا جواب پتھر
اب سیزن میں ناکامیوں پر ناکامیاں سہنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تھے اور 263 رنز کا ناقابلِ عبور ہدف۔ لیکن یہ پنڈی کی پچ تھی جناب! یہاں کچھ بھی ہو سکتا تھا۔ پاور پلے میں ہی جیسن روئے، مارٹن گپٹل اور محمد حفیظ تینوں کے آؤٹ ہونے کے باوجود کوئٹہ نے آخری دم تک مقابلہ کیا۔ عمیر یوسف کے 36 گیندوں پر 67 اور افتخار احمد کے 31 گیندوں پر 53 رنز نے ماحول بنا دیا۔ اگر #IftiMania واقعی چل پڑتا، اور وہ آخر تک کھیلتے رہتے تو عین ممکن تھا کہ یہ ناقابلِ عبور سمجھے جانے والا پہاڑ جیسا ہدف بھی حاصل ہو ہی جاتا۔ کیونکہ کوئٹہ نے 20 اوورز میں 253 رنز بنا کر صرف 9 رنز سے ہارا۔ یعنی مقابلہ تو دلِ ناتواں نے خوب کیا!
مردِ میدان کون؟
کوئٹہ کو پچھاڑنے میں بنیادی کردار ملتان کے عباس آفریدی نے انجام دیا، جنھوں نے پورے مڈل آرڈر پر ہی ہاتھ صاف کر دیا۔ محمد حفیظ اور افتخار احمد کو آؤٹ کرنے کے بعد عباس نے اپنی مسلسل تین گیندوں پر محمد نواز، عمید آصف اور آخری امید عمر اکمل کو آؤٹ کیا اور یوں ہیٹ ٹرک کرنے والے باؤلرز میں اپنا نام لکھوا لیا۔ ایک ایسے میچ میں جہاں رنز کے انبار لگ گئے، وہاں کسی باؤلر کا پانچ وکٹیں لینا اور ہیٹ ٹرک بھی کرنا ایسا کارنامہ تھا، جس کی وجہ سے میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ عثمان خان کو نہیں عباس آفریدی کو ملا۔
ریکارڈ پر ریکارڈ
اب ذرا بات کر لیں ریکارڈز کی۔ اس میچ میں پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل بنا، پھر دوسرا سب سے بڑا ٹوٹل بنا، کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ 515 رنز بننے کا ریکارڈ قائم ہوا، تیز ترین سنچری بنی، ابتدائی 10 اوورز میں سب سے زیادہ 120 رنز کا ریکارڈ بنا، قیس احمد نے نہ چاہتے ہوئے بھی پی ایس ایل کے مہنگے ترین باؤلر کا ریکارڈ بنایا جن میں سے 54 رنز اُن کو عثمان خان نے مارے جو بذاتِ خود کسی بیٹسمین کے ایک باؤلر کے خلاف بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اور ہاں! اس میچ میں 33 چھکے بھی لگے جو کسی ایک مقابلے میں سب سے زیادہ چھکوں کا نیا پی ایس ایل ریکارڈ بھی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر صورتِ حال
اس میچ کے ساتھ ہی یہ کراچی کنگز کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلے آف مرحلے میں پہنچنے کی جدوجہد بھی اختتام کو پہنچی۔ یعنی پلے آف کی ٹیمیں طے ہو گئی ہیں: لاہور قلندرز، ملتان سلطانز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی۔ ہاں! یہ جاننا ابھی باقی ہے کہ کون کس سے کھیلے گا؟ اس کا فیصلہ آخری دن کے دو میچز کے ساتھ ہو جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ 2023: پوائنٹس ٹیبل
11 مارچ 2023
میچز | جیتے | ہارے | پوائنٹس | ن ر ر | |
---|---|---|---|---|---|
🟩 لاہور قلندرز | 9 | 7 | 2 | 14 | 1.494 |
🟦 ملتان سلطانز | 10 | 6 | 4 | 12 | 0.500 |
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ | 9 | 6 | 3 | 12 | -0.489 |
🟨 پشاور زلمی | 9 | 4 | 5 | 8 | -0.584 |
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 3 | 7 | 6 | -1.066 |
🟦 کراچی کنگز | 9 | 2 | 7 | 4 | 0.358 |