ٹیم ‎200+ کا تعاقب کر رہی ہو، آپ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا ہو 14 گیندوں پر صرف 8 رنز کے ساتھ اور آخر میں ضرورت ہو صرف پانچ گیندوں پر 28 رنز کی۔ اس صورت حال میں کسی کو کیا امید ہو سکتی تھی؟ لیکن کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے رنکو سنگھ نے ایسا کر دکھایا۔ آئی پی ایل 2023 کے ایک مقابلے میں گجرات ٹائیٹنز کے خلاف وہ اچانک 'Beast Mode' میں چلے گئے اور آخری پانچوں گیندوں پر چھکے لگا کر میچ کا خاتمہ کر دیا۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی ٹیم نے آخری اوور میں اتنے رنز بنا کر کامیابی حاصل کی ہو۔ دنیا کا کوئی بالر نہیں چاہے گا کہ اسے یش دیال جیسا حال دیکھنا پڑے۔

ویسے گجرات ٹائیٹنز میچ کے بیشتر حصے میں غالب رہے۔ وجے شنکر کے 24 گیندوں پر 63 رنز کی بدولت 204 رنز بنائے، جو ایک بہت اچھا اسکور تھا۔ پھر راشد خان کی ہیٹ ٹرک کی بدولت میچ پر پوری طرح چھا گئے۔ 17 ویں اوور میں راشد نے مسلسل تین گیندوں پر آندرے رسل، سنیل نرائن اور شاردل ٹھاکر کو آؤٹ سمجھیں میچ ختم کر دیا تھا۔

لیکن آخری اوور میں رنکو سنگھ کو نجانے کیا ہو گیا؟ سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔ وہ 21 گیندوں پر 48 رنز کے ساتھ فاتحانہ میدان سے واپس آئے اور کئی پرانی یادیں تازہ کر دیں۔

ابھی کچھ دن پہلے ہی تو ہم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے اس فائنل کو یاد کیا تھا، جس میں کارلوس بریتھویٹ نے مسلسل چار چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کو یادگار کامیابی دلائی تھی۔ گو کہ انھیں کہیں کم 19 رنز کی ضرورت تھی لیکن پھر بھی وہ بہت بڑا مقابلہ تھا، ورلڈ کپ کا فائنل، جس میں بریتھویٹ نے کمال ہی کر دیا۔ رنکو نے تو آج محض اُن کی ایک جھلک دکھائی ہے۔

شیئر

جواب لکھیں