کئی دنوں تک نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خبروں کا مرکز رہنے کے بعد بالآخر عمران خان رہا ہو گئے۔ اپنی گرفتاری اور رہائی کے درمیانی عرصے میں وہ ٹوئٹر ٹرینڈنگ میں ٹاپ پر رہے۔

ویسے تو پاکستان بھر میں ٹوئٹر بند ہیں، لیکن اس کے باوجود عمران خان گزشتہ کئی روز سے ٹرینڈنگ میں ہیں، بلکہ اس وقت بھی ٹاپ 5 ٹرینڈ عمران خان یا ان سے متعلق ہی ہیں۔

Raftar Bharne Do

لیکن یہ ٹرینڈنگ صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں۔ جہاں جہاں پاکستانی موجود ہیں کسی نہ کسی سطح پر عمران خان ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ مثلاً قطر، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، بحرین اور سعودی عرب میں گزشتہ چند دنوں میں عمران خان کم از کم ٹاپ 20 میں تو ٹرینڈ میں رہے ہیں۔ پھر بھارت میں بھی عمران خان ٹرینڈنگ میں موجود رہے، کیونکہ بھارتیوں کو پاکستان کے بارے میں جاننے کا ہمیشہ سے بہت شوق رہا ہے۔

خیر، عمران خان کے علاوہ متعلقہ الفاظ مثلاً پاکستان سپریم کورٹ، لاہور، جناح ہاؤس، زمان پارک بھی ٹرینڈ میں رہے۔

لیکن سنگاپور اور نیدرلینڈز ہی کیوں؟

ہمیں ایک عجیب اتفاق دیکھنے کو ملا۔ سنگاپور اور نیدرلینڈز میں بھی گزشتہ کئی دنوں سے عمران خان ٹرینڈنگ میں ہیں۔ یہاں تک کہ سنگاپور اور نیدرلینڈز میں بھی۔

دونوں ملکوں کے ٹرینڈز تو بہت ہی عجیب سے ہیں۔ عمران خان، پاکستان، سپریم کورٹ، آئی ایس پی آر، آرمی، پشاور، پی ایم ایل این، کراچی، چیف آف آرمی اسٹاف، نواز شریف، پنجاب سب کچھ شامل ہے اس میں۔

آخر کیوں؟ سنگاپور میں تو پاکستانیوں کی کُل تعداد 5 ہزار اور نیدرلینڈز میں بمشکل 24 ہزار ہے۔ جبکہ سنگاپور کی کل آبادی 56 لاکھ جبکہ نیدرلینڈز کی تو ایک کروڑ 78 لاکھ ہے۔ یعنی پاکستانیوں کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ تو یہ ٹرینڈ میں کیسے آ گئے؟

یہاں آتا ہے کہانی کا اصل ہیرو، وی پی این۔ جی ہاں! یہ سب کارنامے ہیں وی پی این کے۔ تقریباً تمام مشہور وی پی این سروسز کے سرور سنگاپور اور نیدرلینڈز میں ہیں۔

جب آپ وی پی این استعمال کرتے ہیں تو آپ دراصل اپنی اصل شناخت اور جگہ کو چھپاتے ہیں۔ وی پی این سرورز عموماً یورپ میں نیدرلینڈز اور ایشیا میں سنگاپور کی لوکیشن استعمال کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عمران خان سے لے کر پاکستان میں ٹرینڈ میں موجود ہر موضوع سنگاپور اور نیدرلینڈز کا موضوع بنا ہوا ہے۔

شیئر

جواب لکھیں