ایک زمانہ تھا جسے کتاب کا دور کہا جاتا تھا لیکن جدید میڈیا نے سب کچھ بدل دیا۔ آج آپ کسی شخصیت کے بارے میں جاننا چاہتے ہوں تو کتاب  کی جگہ نام آتا ہے دستاویزی فلم کا۔

حالیہ چند سالوں میں کھیل سے وابستہ شخصیات پر ڈاکیومنٹریز یعنی دستاویزی فلمیں بنانے کے رجحان میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر آن لائن اسٹریمنگ سروسز آنے کے بعد۔ نیٹ فلکس سے پرائم وڈیو تک، کئی پلیٹ فارمز پر ہمیں تاریخ کے عظیم کھلاڑیوں کے بارے میں دستاویزی فلمیں دیکھنے کو ملیں۔ ان فلموں کے ذریعے ہمیں ان کھلاڑیوں کی ایسی کہانیاں پتہ چلیں، جن کے بارے میں ہم عموماً نہیں جانتے تھے۔

لیکن ایسی دستاویزی فلمیں تو ہزاروں نہیں تو سینکڑوں کی تعداد میں ہیں، تو ہم کون سی دیکھیں؟ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کھلاڑیوں کے بارے میں پانچ بہترین ڈاکیومنٹری فلموں کے بارے میں۔

میسی

یہ کہانی ہے تاریخ کے ترین عظیم ترین فٹ بالرز میں سے ایک، لیونیل میسی کے بارے میں۔ ایک معمولی سے گھرانے سے نکلنے والا لڑکا، جو فیفا ورلڈ کپ تک پہنچا اور آج بھی دنیا بھر کے لوگوں کی آنکھ کا تارا بنا ہوا ہے۔

تو اگر آپ میسی کے فین ہیں، ان کے کھیل اور نجی زندگی کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں تو یہ فلم آپ ہی کے لیے ہے۔ اس میں میسی کے علاوہ ان کے  ساتھیوں،  اہلِ خانہ اور استادوں کے انٹرویوز بھی شامل ہیں۔

‏2014 میں جاری ہونے والی اس دستاویزی فلم ناظرین اور ناقدین دونوں نے بہت پسند کیا ہے۔ انٹرنیٹ مووی ڈیٹابیس، مختصراً IMDb، پر اس کی ریٹنگ 7.2 ہے۔


ٹائسن

تاریخ کا کم عمر ترین ہیوی ویٹ چیمپیئن بننے والے مائيک ٹائسن کی زندگی آسان نہیں تھی۔ اس میں کئی نشیب و فراز آئے۔ بچپن کی مشکلات، خراب صحبت اور سب سے بڑھ کر باپ کی موت،  ان سب نے مل کر مائیک ٹائسن کو بنایا اور یہ فلم پیش کرتی ہے اسی داستان کو۔

زبردست تربیت، تنازعات، خراب تعلقات اور ذاتی زندگی کے مسائل   نے ان کو  متنازع ترین شخصیت بنا دیا۔ تنازع اور کہانی، ان کا تو بہت قریبی ساتھ ہے۔ اس لیے 2008 کی یہ دستاویزی فلم دیکھنے لائق ہے۔ اس کی آئی ایم ڈی بی ریٹنگ 7.4 ہے۔


واٹس مائی نیم: محمد علی

یہ دستاویزی فلم ہے عظیم باکسر محمد علی کے بارے میں، ہمارے محمد علی کے بارے میں، آپ کے محمد علی کے بارے میں بلکہ پوری دنیا کے محمد علی کے بارے میں۔ جنھیں گزشتہ صدی کا عظیم ترین کھلاڑی کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔

‏2019 کی یہ دستاویزی فلم دو حصوں پر مشتمل ہے اور ہر حصے کی طوالت 80 منٹ ہے۔ پہلی قسط ان کے 1960 کے روم اولمپکس میں کامیابی سے لے کر باکسنگ کے دنیا میں اُن کے عروج کے سفر کو بیان کرتی ہے۔ اسی قسط میں ویت نام جنگ میں شرکت سے انکار بھی شامل ہے جس کی وجہ سے انھیں اپنے ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل سے محروم ہونا پڑا۔

دوسری قسط ان کے تین مرتبہ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن بننے کی داستان ہے اور ساتھ ہی دنیا پر ان کے اثرات کے بارے میں بھی بتاتی ہے۔  یہ فلم ناظرین اور ناقدین میں کتنی مقبول ہوئی، اس کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ اس کی آئی ایم ڈی بی ریٹنگ 8.4 ہے۔


سینا

یہ دستاویزی فلم برازیل کے مشہور فارمولا ون چیمپیئن آئرٹن سینا کے بارے میں ہے۔ 2011  میں ریلیز ہونے والی یہ فلم سینا کی میدان میں اور میدان سے باہر کی زندگي پر روشنی ڈالتی ہے، ان کے پسِ منظر، رقابتوں، ذاتی زندگی اور ایک غیر معمولی ڈرائیور بننے کے سفر کے بارے میں بتاتی ہے۔

فلم میں ان کے قریبی لوگوں کے انٹرویوز بھی شامل ہیں، جن سے ان کی زندگي کے کئي  پہلو سامنے آتے ہیں۔ ان کا اخلاق، اخلاص، خدمتِ خلق اور جذبہ، سب۔

اس ڈاکیومنٹری میں آئرٹن سینا کی 1994 میں ہونے والی افسوس ناک اور اچانک موت  پربھی بات کی گئی ہے۔ تین مرتبہ کے فارمولا ون چیمپیئن سینا صرف 34 سال کی عمر میں تب مر گئے تھے جب 1994 کی سان مرینو گراں پری کے دوران ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا تھا۔ اُن کی اچانک موت نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا ۔ اس فلم کی آئی ایم ڈی بی ریٹنگ 8.5 ہے۔


دی لاسٹ ڈانس

یہ منی سیریز تاریخ کی بہترین دستاویزی فلموں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے، بالکل ویسے ہی جیسے مائیکل جارڈن خود تاریخ کے مؤثر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔

جی ہاں! یہ باسکٹ بال لیجنڈ مائیکل جارڈن کے بارے میں ہے، بلکہ خاص طور پر 1997-98 کے این بی اے فائنلز کے بارے میں جب وہ شکاگو بُلز کے ساتھ اپنے آخری دن گزار رہے تھے۔

2020 میں پیش کی گئی یہ سیریز 10 قسطوں پر مبنی ہے، جو جارڈن کی رقابت، تنازعات اور اُن کے کیریئر کے مشکل ترین دور کے بارے میں بتاتی ہے۔ یہ ایک جیت کے ساتھ ایک عہد کے اختتام کو بیان کرتی ہے۔ اس کی آئی ایم ڈی بی ریٹنگ 9.1 ہے، خود اندازہ لگا لیں۔

ویسے کیا آپ کرکٹ کی بہترین ڈاکیومنٹریز کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں؟ انتظار کیجیے ہماری اگلی قسط کا۔

شیئر

جواب لکھیں