فٹ بال کا ورلڈ چیمپیئن ارجنٹینا بالآخر چھ سال بعد پہلی بار فیفا رینکنگ میں نمبر ایک پر آ گیا ہے۔

دسمبر میں تیسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم آخری بار 2017 میں ورلڈ نمبر ون بنی تھی اور اس کے بعد کئی عروج و زوال دیکھے۔ یہاں تک کہ قطر ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کو شکست دے کر تیسری مرتبہ عالمی چیمپیئن بن گیا۔

اس یادگار فائنل کے بعد سے اب تک ارجنٹینا پاناما اور کیوراساؤ کے خلاف دوستانہ میچز کھیل چکا ہے اور دونوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان میچز میں کپتان لیونیل میسی نے دو تاریخی سنگ میل عبور کیے، جن میں انھوں نے پاناما کے خلاف میچ کے دوران اپنے کیریئر کا 800واں گول کیا۔ اور پھر کیوراساؤ کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے اپنے 100 انٹرنیشنل گولز بھی مکمل کیے۔

ارجنٹینا نے فیفا رینکنگ میں پہلی پوزیشن اپنے روایتی حریف برازیل سے چھینی ہے۔ برازیل کو حال ہی میں ایک دوستانہ میچ میں مراکش سے حیران کن شکست ہوئی تھی۔ جس کے بعد اب وہ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔

دوسرے نمبر پر ورلڈ کپ کا رنر اپ فرانس ہے، جس نے ابھی یورو 2024 کے کوالیفکیشن میچز میں نیدرلینڈز اور آئرلینڈ کو ہرایا ہے۔

ٹاپ 10 میں باقی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ بیلجیئم بدستور چوتھے، انگلینڈ پانچویں، نیدرلینڈز چھٹے، کروشیا ساتویں، اٹلی آٹھویں، پرتگال نویں اور اسپین دسویں نمبر پر ہیں۔

شیئر

جواب لکھیں