‏18 دسمبر 2022 کی یادگار شام پر جب لیونیل میسی نے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائی تھی تو سب سمجھ رہے تھے کہ یہ انٹرنیشنل فٹ بال میں اُن کا آخری دن ہے۔ لیکن بعد میں میسی نے خود کہہ دیا کہ وہ انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائر نہیں ہو رہے اور کھیلتے رہیں گے۔ پھر وہ نہ صرف ایکشن میں نظر آئے بلکہ نئی منزلوں کو بھی حاصل کر لیا۔

میسی نے کیوراساؤ کے خلاف میچ میں اپنا 100 واں انٹرنیشنل گول بھی کیا، بلکہ ہیٹ ٹرک بھی کر ڈالی، وہ بھی پہلے ہی ہاف میں۔

ارجنیٹنا کے شہر سانتیاگو دیل ایستیرو میں ہونے والے اس میچ میں ارجنٹینا نے کیوراساؤ کو ‎7-0  سے شکست دی، جس میں میسی کے 17 منٹ کے وقفے سے کیے گئے یہ شاندار گولز بھی شامل تھے۔

اس میچ سے پہلے میسی کے انٹرنیشنل فٹ بال میں 99 گول تھے، جو ویسے ہی ارجنٹینا کے لیے سب سے زیادہ تھے بلکہ وہ تو دوسرے نمبر پر موجود گیبریئل باٹسٹا کے 56 گولز سے کہیں آگے تھے۔ لیکن 100 گول کرنا ایک بڑا سنگِ میل ہے، شاید اسی کے لیے میسی نے ریٹائرمنٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

بہرحال، میسی نے دن کا پہلا گول 20ویں منٹ میں کیا، جو اُن کے کیریئر کا تاریخی 100واں گول ثابت ہوا۔ 13 منٹ بعد انھوں نے دوسرا گول اسکور کیا اور اس کے صرف چار منٹ بعد اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ یہ ارجنٹینا کے لیے میسی کی ساتویں ہیٹ ٹرک تھی۔ اُس وقت کھیل شروع ہوئے صرف 37 منٹ ہوئے تھے یعنی میسی نے شروع سے ہی خوب تابڑ توڑ حملے کیے۔ وہ 35 سال کی عمر میں بھی خود کو ثابت کر رہے ہیں کہ اُن جیسا کوئی نہیں۔

لیونیل میسی انٹرنیشنل فٹ بال میں 100 گول کا سنگِ میل عبور کرنے والے تیسرے فٹ بالر بنے ہیں۔ اُن سے پہلے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے 122 اور ایران کے علی دائی نے 109 گولز اسکور کیے ہیں۔

میسی نے اپنا پہلا انٹرنیشنل گول مارچ 2006 میں کروشیا کے خلاف میچ میں کیا تھا، جس میں ارجنٹینا ‎3-2 سے ہارا تھا۔ انھوں نے ان میں سے 13 گول ورلڈ کپ میں کیے ہیں جبکہ 48 آج کے میچ جیسے فرینڈلی مقابلوں میں۔

یہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں فرانس کو تاریخی شکست دینے کے بعد سے اب تک ارجنٹینا کی دوسری کامیابی تھی۔ ٹیم نے کچھ دن پہلے ہی بیونس آئرس میں پاناما کو ‎2-0 سے شکست دی تھی، جس میں میسی کا فری کک پر ایک خوبصورت گول بھی شامل تھا۔ اب یہ قدم جہاں جا کر رکیں گے؟ یہ صرف میسی خود ہی جانتے ہیں۔

شیئر

جواب لکھیں