پشاور زلمی اور پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف زبردست کامیابیوں کے بعد لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ 2023 میں ٹاپ آف دی ٹیبل ہے۔ ساتھ ہی شاہین آفریدی بھی ایک سنگِ میل کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ وہ پی ایس ایل تاریخ کے کامیاب ترین کپتان بن سکتے ہیں۔ کیسے؟ وہ آپ کو بتائیں گے ہی لیکن ساتھ ہی ذکر ہو گا پی ایس ایل کے بدترین کپتان کا بھی۔
اِس وقت پی ایس ایل میں کامیاب ترین کپتان ہیں ملتان سلطانز کے محمد رضوان۔ انھوں نے کُل 30 میچز میں ٹیم کی کپتانی کی ہے اور 21 جیت کر 70 فیصد کا وننگ پرسنٹیج رکھتے ہیں۔ رضوان پی ایس ایل 2023 میں انفرادی طور پر بھی زبردست پرفارمنس دے رہے ہیں۔ 6 میچز میں 89 سے زیادہ کے ایوریج اور 141 + کے اسٹرائیک ریٹ سے 358 رنز بنا کر وہ اس سیزن کے بیسٹ بیٹسمین بنے ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی 6 میں سے 4 میچز جیت کر ملتان کو ٹائٹل کی ریس میں بھی رکھا ہوا ہے۔
پِھر شاہین آفریدی ہیں، جو 18 میچز میں لاہور قلندرز کی کپتانی کر چکے ہیں اور ان میں 12کامیابیوں کے ساتھ وہ 69.44 فیصد مقابلے جیت چکے ہیں۔
ویسے، دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے سب سے کامیاب کپتان شان مسعود ہیں۔ جی ہاں ! انھوں نے 11 میچز میں ملتان سلطانز کی کپتانی کی اور 6 جیتے۔ یعنی ان کا وننگ پرسنٹیج بھی 65 پرسنٹ ہے۔
پی ایس ایل تاریخ کے کامیاب ترین کپتان
کم از کم 10 میچز
میچز | جیتے | ہارے | ٹائی | بے نتیجہ | % | ||
---|---|---|---|---|---|---|---|
1 | محمد رضوان | 30 | 21 | 9 | 0 | 0 | 70.00 |
2 | شاہین آفریدی | 18 | 12 | 5 | 1 | 0 | 69.44 |
3 | شان مسعود | 11 | 6 | 3 | 1 | 1 | 65.00 |
4 | شاہد آفریدی | 10 | 6 | 4 | 0 | 0 | 60.00 |
5 | مصباح الحق | 26 | 15 | 10 | 1 | 0 | 59.61 |
6 | ڈیرن سیمی | 39 | 22 | 16 | 0 | 1 | 57.78 |
7 | شاداب خان | 37 | 20 | 17 | 0 | 0 | 54.05 |
8 | سہیل اختر | 23 | 12 | 11 | 0 | 0 | 52.17 |
9 | عماد وسیم | 47 | 22 | 21 | 2 | 2 | 51.11 |
10 | کمار سنگاکارا | 10 | 5 | 5 | 0 | 0 | 50.00 |
11 | سرفراز احمد | 77 | 37 | 39 | 0 | 1 | 48.68 |
12 | وہاب ریاض | 28 | 13 | 14 | 1 | 0 | 48.21 |
13 | شعیب ملک | 30 | 10 | 19 | 0 | 1 | 34.48 |
14 | برینڈن میک کولم | 18 | 5 | 11 | 2 | 0 | 33.33 |
15 | بابر اعظم | 16 | 3 | 13 | 0 | 0 | 18.75 |
ٹاپ 3 کے بعد نام آتے ہیں شاہد آفریدی، مصباح الحق، ڈیرن سیمی، شاداب خان، سہیل اختر، عماد وسیم اور کمار سنگاکارا کے۔ یعنی موجودہ اور سابق قومی کپتان بابر اعظم اور سرفراز احمد ٹاپ 10 میں بھی شامل نہیں۔
سرفراز بمقابلہ بابر
سرفراز پی ایس ایل تاریخ میں سب سے زیادہ 77 میچز میں کپتان رہے ہیں۔ وہ پہلے سیزن سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ہیں اور انھیں 37 میچز میں کامیابی بھی دلائی ہے۔ شاید انھیں متحدہ عرب امارات راس آیا ہوا تھا، جب تک پی ایس ایل دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں رہا، سرفراز 'ون آف تھے بیسٹ' رہے، لیکن جیسے ہی لیگ مکمل طور پر پاکستان شفٹ ہوئی، سرفراز اور کوئٹہ کی کہانی ختم ہو گئی۔
بابر اعظم کے لیے پی ایس ایل میں کپتانی ایک ڈراؤنا خواب ہے۔ وہ 11ویں نمبر پر موجود سرفراز سے بھی کہیں پیچھے، بلکہ کم از کم 10 میچز میں کپتانی کرنے والے تمام 15 پی ایس ایل کپتانوں میں سب سے آخری نمبر پر ہیں۔
یہ بابر ہی تھے جن کی کپتانی میں 2022 میں کراچی کنگز اپنے 10 میں سے 9 میچز ہارا تھا۔ اِس سیزن میں وہ پشاور زلمی کی قیادت کر رہے ہیں اور 5 میں سے صرف 2 میچز جیت سکا ہے۔
انفرادی حیثیت سے بابر کی پرفارمنس اب بھی بُری نہیں۔ وہ 5 میچز میں 44.50 کے ایوریج اور 131 کے اسٹرائیک ریٹ سے 178 رنز بنا چکے ہیں، لیکن لگتا ہے ٹیم چلانا اُن کے بس کی بات نہیں۔