عمران خان نے گرفتاری سے پہلے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرایا تھا جو پی ٹی آئی نے جاری کردیا ہے۔ اس پیغام میں عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چپ کرکے گھر میں نہ بیٹھیں بلکہ اپنے حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔

عمران خان کے پیغام کا مکمل متن

بسم اللہ الرحمان الرحیم، میرے پاکستانیو! جب تک یہ پیغام آپ تک پہنچے گا یہ مجھے اریسٹ کر چکے ہوں گے اور میں جیل میں ہوں گا۔ تو میری آپ سے صرف ایک ہی ریکویسٹ ہے، اپیل ہے کہ آپ کو گھروں میں چپ کر کے نہیں بیٹھنا۔ میں یہ یہ جو جدو جہد کر رہا ہوں یہ اپنی ذات کے لیے نہیں کر رہا میں یہ اپنی قوم کے لیے کر رہا ہوں، آپ کے لیے کر رہا ہوں۔ آپ کے بچوں کے مستقبل کے لیے کر رہا ہوں۔ اگر آپ اپنے حقوق کے لیے نہیں کھڑے ہوں گے تو آپ غلاموں کی زندگی گزاریں گے اور غلاموں کی کوئی زندگی نہیں ہوتی۔ غلام ایسے ہوتے ہیں جیسے چیونٹیاں زمین پر ہوتی ہیں۔ ان کی اوپر پرواز نہیں ہوتی۔ اور یہ ایک بڑے خواب کا نام تھا پاکستان۔ نعرہ تھا لاالہ الا اللہ، پاکستان کا مطلب کیا۔ کہ ہم کسی انسان کے سامنے نہیں جھکتے۔ لاالہ الا اللہ انسان کی غلامی سے ہم کو آزاد کرتا ہے۔ اور ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی مدینے کی ریاست میں سب سے پہلے انسانوں کو آزاد کیا تھا عدل اور انصاف دے کے۔ یہ ہے جنگ انصاف کی۔ آپ کے حقوق کی، آپ کی آزادی کی۔ اور کبھی بھی یاد رکھیں کوئی آزادی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا۔ جس طرح میں کہتا ہوں زنجیریں گرتی نہیں ہیں، توڑنی پڑتی ہیں۔ پر امن احتجاج آپ کو کرتے رہنا ہے جب تک کہ آپ کو آپ کا حق نہیں ملتا۔ اور وہ سب سے بڑا فنڈامینٹل رائٹ ہے ووٹ کے ذریعے اپنی حکومت کو منتخب کرنا۔ نہ تو کسی اور کوئی قبضہ گروپ اس ملک پر قبضہ کرکے بیٹھ جائے جو آج قبضہ کرکے بیٹھا ہوا ہے۔ شکریہ

شیئر

جواب لکھیں