آسٹریلیا کے کرکٹ کیلنڈر کا اہم ترین حصہ ہیں باکسنگ ڈے اور نیو ایئرز ٹیسٹ، جو ہر سال 26 دسمبر سے میلبرن اور 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلے جاتے ہیں۔ لیکن لگتا ہے اب ان شہروں سے یہ اعزاز چھن جائے گا کیونکہ کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ وہ یہ اہم ٹیسٹ میچز صرف انھی دونوں شہروں میں کروانے کا پابند نہیں۔ تو عین ممکن ہے پاکستان وہ آخری ٹیم بنے جو روایتی باکسنگ ڈے ٹیسٹ میلبرن میں اور نیو ایئرز ٹیسٹ سڈنی میں کھیلے۔
پاکستان 2019 کے بعد پہلی بار کوئی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرے گا، جس کا آغاز 14 دسمبر سے پرتھ میں ہوگا۔ پھر 26 دسمبر سے ملیبرن اور 3 جنوری سے سڈنی میں تاریخی ٹیسٹ میچز ہوں گے۔
اب ہو سکتا ہے اس کے بعد یہ دونوں ٹیسٹ کبھی ان میدانوں پر نہ ہوں۔ کرکٹ آسٹریلیا میں کرکٹ آپریشنز اور شیڈولنگ کے سربراہ پیٹر روچ کہتے ہیں اب ہم ضمانت نہیں دے سکتے کہ آئندہ یہ دونوں اہم ٹیسٹ میچز میلبرن اور سڈنی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ ہمارے سارے میدان اہم ہیں اور یہ تاریخی میچز کروانے کا موقع سبھی کو ملنا چاہیے۔
لیکن سب اس بات سے اتفاق نہیں کرتے۔ آسٹریلیا اوپنر عثمان خواجہ کہتے ہیں ہمیشہ سے ایسا ہی ہوتا آیا ہے، باکسنگ ڈے پر میلبرن اور نئے سال کا پہلا ٹیسٹ سڈنی میں۔ پچھلے کچھ سالوں میں سڈنی میں بارش سے لوگ مایوس ضرور ہوئے، لیکن ہم نے یہاں چند بہت ہی زبردست ٹیسٹ میچز دیکھے ہیں۔
خیر، جو بھی ہو، پاکستان کو تو 2016 کے بعد پہلی بار میلبرن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ پاکستان نے اس میدان پر آج تک صرف دو ٹیسٹ میچز جیتے ہیں اور آخری مقابلہ 1981 میں جیتا تھا۔ کیا 42 سال بعد بابر الیون یہ کارنامہ انجام دے پائے گی؟
پاکستان اور میلبرن
پاک-آسٹریلیا ٹیسٹ مقابلے
نتیجہ | مارجن | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ | |
---|---|---|---|---|---|
![]() | ڈرا | - | ![]() | میلبرن | 4 دسمبر 1964 |
![]() | شکست | 92 رنز | ![]() | میلبرن | 29 دسمبر 1972 |
![]() | شکست | 348 رنز | ![]() | میلبرن | یکم جنوری 1977 |
![]() | جیت | 71 رنز | ![]() | میلبرن | 10 مارچ 1979 |
![]() | جیت | اننگز اور 82 رنز | ![]() | میلبرن | 11 دسمبر 1981 |
![]() | ڈرا | - | ![]() | میلبرن | 26 دسمبر 1983 |
![]() | شکست | 92 رنز | ![]() | میلبرن | 12 جنوری 1990 |
![]() | شکست | 9 وکٹ | ![]() | میلبرن | 26 دسمبر 2004 |
![]() | شکست | 170 رنز | ![]() | میلبرن | 26 دسمبر 2009 |
![]() | شکست | اننگز اور 18 رنز | ![]() | میلبرن | 26 دسمبر 2016 |