دماغ سے کھیلنے والے ہار گئے، دل سے کھیلنے والے جیت گئے۔ لاہور قلندرز نے سب کرکٹ ماہرین کو غلط ثابت کر دکھایا اور ایک ہی دن میں اسلام یونائیٹڈ کو عرش سے فرش پر لے آیا۔
پاکستان سپر لیگ 2023
اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ لاہور قلندرز
9 مارچ 2023
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی، پاکستان
نتیجہ: لاہور 119 رنز سے جیت گیا
🟩 لاہور قلندرز | 226-5 | |
---|---|---|
فخر زمان | 115 (57) | |
کامران غلام | 41 (30) |
اسلام آباد باؤلنگ | ا | م | ر | و |
---|---|---|---|---|
فضل حق فاروقی | 4 | 0 | 40 | 3 |
حسن علی | 4 | 0 | 33 | 1 |
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ | (ہدف: 227) | 107 |
---|---|---|
حسن علی | 18 (13) | |
ایلکس ہیلز | 18 (16) |
لاہور باؤلنگ | ا | م | ر | و |
---|---|---|---|---|
راشد خان | 4 | 0 | 21 | 4 |
حارث رؤف | 2.1 | 0 | 16 | 2 |
قلندرز نے ایک مرتبہ پھر اسلام آباد پر اپنی برتری ثابت کر دی ہے۔ دونوں کے آخری مقابلے میں بھی یونائیٹڈ صرف 90 رنز پر آل آؤٹ ہوئے تھے اور قلندرز 110 رنز سےجیتے تھے۔ اور آج لاہور نے 119 رنز سے ہرا دیا، جو پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت ہے۔
موقع شروع میں ہی ضائع
اسلام آباد کو ٹاس جیت کر شروع میں ہی 2 مواقع ملے، ایک کا فائدہ تو انھوں نے اٹھا لیا کہ عبد اللہ شفیق کو پہلے اوور ہی میں آؤٹ کر دیا، لیکن پھر فخر زمان جیسی بڑی وکٹ حاصل کرنے کا موقع ضائع کر دیا۔ جو بعد میں میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔
فخر کی لکی ہنڈریڈ
فخر صرف 1 رن پر کھیل رہے تھے جب حسن علی کی گیند بلّے کا کنارہ لیتے ہوئے پہلی سلپ میں گئی، جہاں آصف علی نے ایک آسان کیچ ڈراپ کر دیا۔ اس زندگی کا فخر زمان نے دونوں ہاتھوں سے فائدہ اٹھایا، بلکہ کپتان شاداب خان کے زخموں پر نمک چھڑک گئے۔
جب شاداب اٹیک پر آئے تو فخر نے آتے ہی انھیں دو چھکے لگا دیے۔ یہی نہیں ان کے اگلے اوور میں بھی دو مزید چھکے رسید کیے دکھ اور بڑھ گیا جب اسی اوور میں حسن علی نے فخر کا ایک اور کیچ ڈراپ کر دیا۔
تب فخر صرف 29 گیندوں پر 71 رنز بنا چکے تھے، اور اس کے بعد سنچری کر گئے۔ انھوں نے صرف 57 گیندوں پر 115 رنز بنائے اور یوں اپنے کیریئر کی دوسری پی ایس ایل سنچری بنا ڈالی۔
تعاقب کا آغاز
لاہور قلندرز نے 226 رنز بنا کر اسلام آباد کو ایسا ٹارگٹ دیا، جو بالکل حاصل ہو سکتا تھا۔ خاص طور پر اس میدان پر جہاں آخری دونوں میچز میں 200+ کا ٹارگٹ چَیز ہوا تھا۔ لوکل کراؤڈکو بھی امید تھی کہ اسلام آباد آخر تک لڑے گا، لیکن لاہور نے ثابت کیا کہ اس کا باؤلنگ اٹیک ملتان سلطانز جیسا نہیں کیونکہ قلندرز نے تو اسلام آباد کو دم ہی نہیں لینے دیا۔
پاور پلے میں ہی رحمٰن اللہ گرباز اور کولن منرو کی وکٹیں گئیں اور چَیز ایسا ڈی ریل ہوا کہ اننگز دوبارہ پٹری پر نہیں چڑھ سکی۔ ویسے ایک چانس اسلام آباد کے ایلکس ہیلز کو بھی ملا تھا، لیکن وہ فخر کی طرح اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ یہاں تک کہ 9ویں اوور میں ہی صرف 68 پر اسلام آباد کے 5بیٹسمین آؤٹ ہو گئے۔
بے حال یونائیٹڈ
فرق کیا تھا؟ راشد خان۔ افغان اسپنر اسلام آباد کا پورا مڈل آرڈر ہی کھا گئے۔ سیکنڈ ڈاؤن آنے والے کپتان شاداب کے علاوہ آخری میچ کے ہیرو فہیم اشرف سمیت 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسلام آباد کی پوری ٹیم 16ویں اوور میں صرف 107 پر آل آؤٹ ہو گئی۔
یوں اسلام آباد یونائیٹڈ 119 رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست کھا گیا۔ اس نے لاہور کے ہاتھوں صرف 'اوے میچ' ہی نہیں ہارا، بلکہ ہوم میچ میں بھی بری طرح شکست کھائی۔
پی ایس ایل تاریخ کی سب سے بڑی کامیابیاں
فاتح | مارجن | ہدف | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|---|
🟩 لاہور قلندرز | 119 رنز | 227 | اسلام آباد | راولپنڈی | 9 مارچ '23 |
🟦 ملتان سلطانز | 117 رنز | 246 | کوئٹہ | لاہور | 18 فروری '22 |
🟦 ملتان سلطانز | 110 رنز | 184 | کوئٹہ | ابوظبی | 16 جون '21 |
🟩 لاہور قلندرز | 110 رنز | 201 | اسلام آباد | لاہور | 27 فروری '23 |
🟦 ملتان سلطانز | 80 رنز | 170 | کوئٹہ | ابوظبی | 18 جون '21 |
اب کیا ہوگا؟
خیر، اس شکست کے بعد بھی پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد کی حالت اچھی ہے۔ ہاں! آج جو کچھ یونائیٹڈ کے ساتھ ہوا، اسے دیکھ کر اندازہ ہو رہا ہے کہ پشاور زلمی کی باؤلنگ کتنی بھیانک ہے، جو اسی میدان پر 240 رنز کا دفاع بھی نہیں کر سکی تھی۔
زلمی باؤلنگ لائن اپنے 8 میں سے 4 میچز میں 197+ رنز کھا چکی ہے اور اب ان کا اگلا امتحان ہے ملتان سلطانز کے خلاف۔ ملتان کے خلاف آخری میچ میں پشاور نے 200+ رنز کھائے تھے اور 56 رنز سے ہارا بھی تھا۔ اب اہم ترین مقابلے میں اگر ویسی ہی باؤلنگ دکھا دی تو شاید پشاور کا آخری مقابلہ ورچوئل ناک آؤٹ بن جائے۔
پاکستان سپر لیگ 2023: پوائنٹس ٹیبل
9مارچ 2023ء
میچز | جیتے | ہارے | پوائنٹس | ن ر ر | |
---|---|---|---|---|---|
🟩 لاہور قلندرز | 9 | 7 | 2 | 14 | 1.494 |
🟥 اسلام آباد یونائیٹڈ | 9 | 6 | 3 | 12 | -0.713 |
🟦 ملتان سلطانز | 8 | 4 | 4 | 8 | 0.473 |
🟨 پشاور زلمی | 8 | 4 | 4 | 8 | -0.580 |
🟪 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 9 | 3 | 6 | 6 | -1.120 |
🟦 کراچی کنگز | 9 | 2 | 7 | 4 | 0.358 |