پاکستان سپر لیگ بالآخر اس مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جو چیمپیئن کا فیصلہ کرے گا۔ پچھلے سال کی طرح اس مرتبہ بھی کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز باہر ہو  گئے ہیں اور پی ایس ایل 2023 کے کوالیفائر میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز ہی کا مقابلہ ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ 2023: پلے آف مرحلہ

بمقابلہبمقامبتاریخ
کوالیفائرلاہور قلندرزملتان سلطانزلاہور‏15 مارچ '23
ایلی منیٹر 1اسلام آباد یونائیٹڈپشاور زلمیلاہور‏16 مارچ '23
ایلی منیٹر 2طے ہونا باقیطے ہونا باقیلاہور‏17 مارچ '23
فائنلطے ہونا باقیطے ہونا باقیلاہور‏19 مارچ '23

اس 'پنجاب ڈربی' میں قلندرز اپنے ہوم گراؤنڈ پر ملتان کا سامنا کریں گے۔ لاہور پورے سیزن میں قذافی اسٹیڈیم میں صرف ایک میچ ہارا اور چار میں زبردست کامیابیاں حاصل کیں۔

لاہور ملتان، ہیڈ ٹو ہیڈ

LQ v MS Rilee Rossouw
ملتان اس سال لِیگ اسٹیج میں لاہور سے دونوں میچز ہارا ہے (تصویر: پی ایس ایل)

اگر اس سیزن میں ملتان اور لاہور کے ہیڈ ٹو ہیڈ میچز دیکھیں تو قلندرز چھائے ہوئے نظر آتے ہیں۔ لاہور نے افتتاحی میچ میں ہی ملتان کو ملتان میں ہرایا تھا اور کیا شاندار مقابلہ تھا وہ۔ لاہور 175 رنز بنانے کے بعد صرف اور صرف 1 رنز سے جیت گیا۔ البتہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر قلندروں نے سلطانوں کو  پورے 21 رنز سے شکست دی اور اپنی برتری ثابت کر دی۔

اب دونوں ٹیموں کا اگلا مقابلہ ہے کوالیفائر میں، جہاں جیتنے والا براہِ راست فائنل تک رسائی حاصل کرے گا، جبکہ ہارنے والی ٹیم کو بھی ایک موقع اور ملے گا۔ لاہور یا ملتان میں سے جو بھی شکست کھائے گا اس کا مقابلہ ایلی منیٹر 2 میں اسلام آباد-پشاور میچ کے فاتح سے ہوگا۔

فیورٹ کون؟

LQ v PZ Shaheen Afridi
شاہین الیون اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار نظر آتی ہے (تصویر: پی ایس ایل)

اگر پورے سیزن کی کارکردگی کی بنیاد پر دیکھا جائے تو لاہور قلندرز کا پلڑا بہت بھاری نظر آتا ہے۔ اس نے سیزن میں سب سے زیادہ 7 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جن میں مسلسل پانچ فتوحات بھی شامل ہیں۔ روایتی حریف کراچی کے ہاتھوں دونوں میچز میں شکست نکال دی جائے تو اسے صرف ایک ٹیم ہرا پائی اور وہ تھی بابر اعظم کی پشاور زلمی۔ باقی کسی ٹیم کو اس کے خلاف جیتنے کی ہمت نہیں ہوئی۔ ملتان تو خیر ہارا، لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ تو لاہور کے خلاف بہت ہی بُری طرح شکست کھا گیا۔ پہلے میچ میں 110 رنز کی اور دوسرے میں 119 رنز کی۔ یعنی لاہور اس وقت فُل فارم میں ہے۔ ہاں! اپنے آخری تین میچز میں سے دو مقابلے ضرور ہارے ہیں اور صرف یہ بات تشویش کی ہے

PZ v MS Rilee Rossouw
ملتان سلطانز آخری دونوں میچز زبردست انداز میں جیت کر اب فائنل کے لیے تیار نظر آتے ہیں (تصویر: پی ایس ایل)

ملتان سلطانز نے اس سیزن اپنے 10 میں سے 6 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آخری دو میچز جیت کر وہ اب فائنل کے لیے تیار نظر آتا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے مسلسل دو سال سے فائنل کھیل رہا ہے۔ جی ہاں! ملتان سلطانز تیسرے سال بھی فائنل میں جا سکتا ہے، اگر وہ لاہور کو اُس کے قلعے میں ہرانے میں کامیاب ہو جائے تو۔

یونائیٹڈ زلمی، پھر آمنے سامنے

ایلی منیٹر 1 میں دو مرتبہ کے چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کا مقابلہ ہوگا۔ جی ہاں! پچھلے سال کی طرح اس مرتبہ بھی ایلی منیٹر میں یونائیٹڈ اور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔

IU v QG Azam Khan Faheem Ashraf
اسلام آباد کی 'فنشنگ مشین' اہم میچز میں اپنا کمال دکھا سکتی ہے (تصویر: پی ایس ایل)

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس سیزن میں 6 میچز جیتے ہیں۔ اسے ابتدائی آٹھ میچز میں صرف دو شکستیں ہوئی تھیں لیکن آخری دونوں مقابلے ہار کر وہ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر آ گيا۔ اب یہی دو شکستیں اس کے لیے مسئلہ کھڑا کر سکتی ہیں۔ لیکن یونائیٹڈ کی 'فنشنگ مشین' نے جس طرح پچھلے کچھ میچز میں پرفارم کیا ہے، پلے آف میں ویسی ہی کارکردگی سب کو حیران کر سکتی ہے۔

PSL 8
بمشکل پلے آف تک آنے والے بابر اعظم کا اب سب سے بڑا امتحان ہوگا (تصویر: پی ایس ایل)

پھر پشاور زلمی ہے، جس نے سیزن کا آغاز ہی بڑی مشکل سے جیت کر کیا اور ابتدائی پانچ میچز میں صرف دو کامیابیاں حاصل کیں۔ آخر میں بھی مسلسل دو شکستوں کے بعد اللہ اللہ کر کے آخری میچ جیتا اور پلے آف میں پہنچے۔ ہاں! اچھی بات یہ ہے کہ یہ آخری میچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف  تھا جس میں پشاور زلمی نے 180 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کیا اور اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا۔

اب کیا بابر اعظم ایک مرتبہ پھر اپنی اہلیت و صلاحیت ثابت کر پائیں گے؟ کیا زلمی پچھلے سال کے ایلی منیٹر میں اسلام آباد کے ہاتھوں شکست کا بدلہ لے پائے گی؟ یا اس کی  باؤلنگ لائن ایک مرتبہ پھر کمزور کڑی ثابت ہوگی؟ یہ آنے والا وقت بتائے گا۔ لیکن اس سیزن میں کارکردگی کی بنیاد پر دیکھیں تو ایک مرتبہ پھر لاہور اور ملتان ہی فائنل کے لیے فیورٹ نظر آتے ہیں۔

شیئر

جواب لکھیں