بارش ہو گئی اور انڈیا 2-0 سے نہیں جیت سکا لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز نے دنیا کو ایک نیا پلیئر دیا ہے، نام ہے یشَسوی جیسوال۔
پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انھوں نے بنائے 171 رنز۔ انٹرنیشنل کیریئر کا دھماکے دار آغاز کیا لیکن اصل کہانی ہے behind the scene اور یہی کہانی ہم آپ کو بتائیں گے۔
یشسوی جیسوال کا تعلق ہے ریاست اتر پردیش کے ایک چھوٹے سے علاقے سُری یاون سے۔ چھ بہن بھائیوں میں اُن کا نمبر ہے چوتھا۔ ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے لیکن کرکٹ کا شوق اتنا تھا کہ 10 سال کی عمر میں ممبئی آ گئے۔ پیسہ جیب میں تھا نہیں، کچھ تو کرنا تھا۔ ایک دودھ والے کی دکان پر کام کرنا شروع کیا اور ساتھ ہی کرکٹ بھی کھیلنا شروع کر دیا۔
لیکن یہ سب کب تک چلتا؟ بالآخر کام ہاتھ سے گیا۔ اب کوئی آسرا نہیں تھا، تب جیسوال کو ایک کلب ملا مسلم یونائیٹڈ۔ ساتھ ہی ملا ایک ٹینٹ۔ دن میں کھیلتے، رات کو پانی پوری بیچتے اور یہ سلسلہ تین سال تک چلتا رہا۔ یہاں تک کہ وہ دن آیا، جس نے اُن کی قسمت بدل دی۔
دسمبر 2013 میں جیسوال کی ملاقات ہوئی جوالا سنگھ سے۔ ایک کرکٹ کوچ، جو اُن کے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہی جان گئے۔ پھر اُن کی نگرانی میں جیسوال آگے بڑھے اور بڑھتے ہی چلے گئے۔ پہلے ہی میچ میں انھوں نے 47 رنز بنائے اور پانچ وکٹیں لیں لیکن شہرت کا آغاز ہوا جائلزشیلڈ کے ایک میچ سے۔ جس میں انھوں نے 319 رنز بنائے اور 13 وکٹیں حاصل کیں۔ اب YJ کو روکنے والا کوئی نہیں تھا۔
2016-17 کی وجے مرچنٹ ٹرافی میں وہ اپنی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بنے اور اسی پرفارمنس نے انھیں پہنچایا انڈیا انڈر-19 میں۔
اب خبروں میں نام آنے لگا، لوگ جاننے لگے اور وہ سب کچھ ملنے لگا جس کے وہ حقدار تھے۔ 2019 میں جیسوال نے 154 بالز پر 203 رنز کی اننگز کھیلی لسٹ اے کرکٹ میں سب سے کم عمر سنچورین بنے۔ صرف 17 سال 292 دن کی عمر میں۔
پھر کیا تھا؟ ہر طرف YJ ہونے لگی۔ تب 2020 میں انھیں راجستھان رائلز نے خرید لیا ۔ یوں جیسوال دنیا کی ٹاپ لیگ میں پہنچ گئے اور یہاں بھی انھوں نے خود کو ثابت کیا۔ 2021 میں چنئی کے خلاف انھوں نے دوسری تیز ترین آئی پی ایل ففٹی بنائی اور اِس سال ممبئی انڈینز کے خلاف ہنڈریڈ بھی بنائی۔
وانکھیڑے اسٹیڈیم میں 124 رنز کی وہ اننگز کھیلی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ اُس میدان پر جہاں ممبئی آنے کے بعد جیسوال نے کبھی کھیلنے کا خواب دیکھا ہوگا۔ اسی میدان پر انھوں نے 13 گیندوں پر ففٹی بنائی، آئی پی ایل تاریخ کی تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ۔
آئی پی ایل 16 میں جیسوال راجستھان کے ٹاپ اسکورر رہے۔ ایک بچہ، جو کچھ سال پہلے گمنام تھا، اب ہر کوئی اس کو جانتا ہے، اس جیسا کھیلنا چاہتا ہے۔ اس نے سب کا دل موہ لیا، ایسا کہ سلیکٹر نے بھی اسے لے لیا اور یوں جیسوال بن گئے انٹرنیشنل کرکٹر۔
جیسوال پہلے ٹیسٹ میں ہی ڈبل سنچری بنا دیتے ہیں۔ وہ یہ کارنامہ کرنے والے تاریخ کے صرف آٹھویں کھلاڑی بن جاتے، لیکن 171 پر آؤٹ ہو گئے۔
خیر، ابھی تو شروعات ہے، ابھی تو بہت سے موقع آئیں گے، بہت کچھ کرنے کے اور جیسوال یہ سب کر کے دکھائیں گے۔