ایک اور انڈین دنیا کے اہم ترین ادارے کا سربراہ بن گیا ہے۔ یہ اجے بنگا ہیں، جنھیں ورلڈ بینک کے صدر جیسا اہم عہدہ ملا ہے۔ بینک کے 25 رکنی ایگزیکٹو بورڈ نے متفقہ طور پر اجے کو منتخب کیا ہے، جنھیں امریکی صدر جو بائیڈن نے فروری میں نامزد کیا تھا۔

اجے بنگا بھارتی شہر پونے میں ایک سکھ گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ حیدر آباد، جالندھر، دلّی، احمد آباد اور شملہ میں گزارا۔ بنیادی تعلیم حیدر آباد سے حاصل کی، دلّی یونیورسٹی کے سینٹ اسٹیفن کالج سے اکنامکس  میں بی اے کیا اور احمد آباد کے انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سے پوسٹ گریجویشن مکمل کیا۔

اجے بنگا نے اپنے کیریئر کا آغاز نیسلے سے کیا تھا اور پھر پیپسی میں بھی اہم عہدے پر رہا۔ انھوں نے ماسٹر کارڈ میں بھی کام کیا اور یہی ان کے ورلڈ بینک تک پہنچنے کی وجہ بنا۔ وہ صدر براک اوباما کی تجارتی پالیسی و مذاکرات کے لیے بنائی گئی مشاورتی کمیٹی کا بھی حصہ تھے۔ وہ امریکا کی موجودہ نائب صدر کملا ہیرس کے بہت قریب رہے ہیں۔ جی ہاں! امریکی نائب صدر بھی بھارتی نژاد ہی ہیں۔

Raftar Bharne Do
کملا ہیرس، جن کا پیدائشی نام کملا دیوی ہے

کملا ہیرس 1964 میں امریکا میں پیدا ہوئیں۔ ان کا پیدائشی نام کملا دیوی تھا، جو انھیں اپنی بھارتی والدہ سے ملا تھا۔ وہ چار سال کیلیفورنیا سے سینیٹر رہیں بلکہ اس سے پہلے ریاست کی اٹارنی جنرل بھی رہیں۔ وہ 2021 میں امریکا کی تاریخ کی پہلی نائب صدر بنیں۔

وہ امریکی سیاست میں موجود واحد بھارتی نژاد خاتون نہیں۔ ان سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ میں نکی ہیلی کو اپنا سفیر بنایا تھا۔ نکی کا پیدائشی نام نمرتا رندھاوا تھا، وہ مشرقی پنجاب کے ایک سکھ خاندان میں پیدا ہوئی تھیں البتہ بعد میں انھوں نے امریکا میں مسیحیت قبول کر لی۔

Raftar Bharne Do
رشی سونک، برطانیہ کے پہلے ہندوستانی نژاد وزیر اعظم

امریکا سے ہٹ کر دیکھیں تو ایک بہت بڑا نام رشی سونک کا ہے۔ حال ہی میں برطانیہ کے وزیر اعظم بننے والے رشی کے دادا کا تعلق گوجرانوالہ سے اور نانا کا لدھیانہ سے تھا، جو اُس زمانے میں ہندوستان کا حصہ تھے۔ اُن کے والدین نے کینیا میں کافی عرصہ گزارا اور پھر برطانیہ آ گئے جہاں رشی سونک پیدا ہوئے۔ انھوں نے پچھلے سال ایلزبتھ ٹرس کی جگہ برطانیہ کی وزارت عظمیٰ سنبھالی، اور اس عہدے پر پہنچنے والے پہلے ہندوستانی نژاد بن گئے۔

Raftar Bharne Do
سندر پچائی، سی ای او گوگل

سیاست کے میدان کے علاوہ بھی بھارتی نژاد لوگ بہت اہم اور بڑے عہدوں پر ہیں، خاص طور پر ٹیکنالوجی کی دنیا میں۔ گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پچائی ہی کو لے لیں۔ وہ 1972 میں بھارتی ریاست تمل ناڈو میں پیدا ہوئے تھے۔ اپنی ڈگری آئی آئی ٹی کھرگ پور سے حاصل کی اور بعد میں اسٹین فرڈ یونیورسٹی سے ایم ایس اور یونیورسٹی آف پنسلوینیا سے ایم بی اے کیا۔ 2019 میں انھیں گوگل اور اس کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کا سی ای او بنایا گیا۔

Raftar Bharne Do
ستیا نڈیلا، مائیکروسافٹ کے سی ای او

یہی نہیں ایک اور ٹیک جائنٹ مائیکروسافٹ کے سی ای او بھی انڈین ہی ہیں، نام ہے ستیا نڈیلا۔ وہ 1967میں حیدر آباد دکن میں پیدا ہوئے تھے۔ کرناٹک کے منی پال انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے گریجویشن اور پھر یونیورسٹی آف وسکونسن ملواکی سے کمپیوٹر سائنس میں ایم ایس اور یونیورسٹی آف شکاگو سے ایم بی اے کیا۔ یہاں تک کہ وہ 2014 میں مائیکروسافٹ کے سی ای او بنے۔

بھارت آبادی کے لحاظ سے اس وقت دنیا کا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے۔ دنیا کا تقریباً ہر پانچواں شخص بھارتی ہے، تو لازماً بھارت کا اثر و رسوخ تو ہونا چاہیے اور یہ نظر بھی آ رہا ہے۔

شیئر

جواب لکھیں