ممبئی سے آیا ہمارا دوست! اور آتے ہی اُسے کتے نے کاٹ لیا۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف اہم میچ سے پہلے ارجن تنڈولکر عجیب و غریب انداز میں زخمی ہو گئے۔
ایک وڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں ارجن لکھنؤ کے ایک کھلاڑی کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں۔ اس دوران اپنا باؤلنگ والا ہاتھ دکھاتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ کل ایک کتے نے کاٹ لیا تھا، جس کی وجہ سے وہ آج نہیں کھیل پائیں گے۔
اس واقعے کی مزید کوئی تفصیل نہ انھوں نے بتائی اور نہ ہی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے کچھ کہا گیا۔ ہاں! لوگوں کو تفریح کا موقع ضرور مل گیا ہے۔
کوئی اُس کتے پر میمز بنا رہا ہے تو کوئی کہہ رہا ہے ارجن تنڈولکر نے ٹیم میں سلیکٹ نہ ہونے کی شرمندگی مٹانے کے لیے اچھا بہانہ کیا ہے۔
چلیں، یہ مذاق تو چلتا رہے گا لیکن ارجن کے لیے آئی پی ایل اتنا آسان نہیں ہے۔ وہ کسی اور کے نہیں لیجنڈری بیٹسمین سچن تنڈولکر کے بیٹے ہیں۔ ان سے جو توقعات ہیں، ان کا اندازہ آپ خود لگا سکتے ہیں۔
اس سیزن میں ممبئی انڈینز نے ارجن کو 13 میں سے صرف 4 میچز کھلائے ہیں۔ جن میں وہ بیٹنگ کے جوہر تو نہیں دکھا پائے، البتہ باؤلنگ میں 30 سے زیادہ کے ایوریج اور 9.35 کے اکانمی ریٹ سے صرف تین وکٹیں ہی لے پائے۔
کارکردگی میں اِس اتار چڑھاؤ کی وجہ سے وہ اندر اور باہر ہوتے رہے اور اب کتے کی انٹری کے بعد تو لگتا ہے ارجن تنڈولکر کا پہلا سیزن یہیں ختم ہو جائے گا۔