فائنل شیڈول جاری ہوتے ہی ورلڈ کپ کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں اور اس کی خوبصورت ٹرافی تو خلا میں پہنچ  گئی ہے۔ جی ہاں! کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کو ایک خاص غبارے کے ذریعے خلا میں بھیجا گیا، جہاں یہ ایک لاکھ 20 ہزار فٹ کی بلندی تک گئی اور پھر احمد آباد کے اسی میدان پر اتری جہاں ورلڈ کپ 2023 کا آغاز اور اختتام ہوگا۔

اور صرف خلائی مخلوق کو ہی نہیں، زمین پر موجود شائقینِ کرکٹ کو بھی یہ ٹرافی دیکھنے کا موقع ملے گا کیونکہ آج سے شروع ہو رہا ہے اس ورلڈ کپ کا لمبا سفر۔ ورلڈ ٹؤر کے دوران یہ ٹرافی 18 ملکوں میں جائے گی اور پاکستان اور کرکٹ کھیلنے والے دوسرے ملکوں کے علاوہ کویت، بحرین، ملائیشیا، امریکا، نائیجیریا، فرانس اور اٹلی  میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ اس سفر کے دوران 10 لاکھ افراد کو کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی کے دیدار کا موقع ملے گا۔

فی الحال یہ ٹرافی 14 جولائی تک بھارت میں مختلف مقامات پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس کے بعد نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، پاپوا نیو گنی سے ہوتے ہوئے واپس بھارت آئے گی۔  اگلے مرحلے میں 25 جولائی سے ٹرافی کو امریکا اور ویسٹ انڈیز بھیجا جائے گا، جہاں سے واپسی پر یہ 31 جولائی کو پاکستان پہنچے گی۔

اس کے بعد سری لنکا، بنگلہ دیش، کویت اور بحرین  کا سفر کر کے یومِ آزادی پر بھارت پہنچے گی۔   پھر یورپ میں اٹلی، فرانس اور انگلینڈ سے ہوتے ہوئے یہ 25 اگست کو ملائیشیا جائے گی۔ آخری مرحلے پر افریقہ میں یوگینڈا، نائیجیریا اور جنوبی افریقہ  ہوتے ہوئے 4 ستمبر کو آخری منزل بھارت پہنچے گی۔

شیئر

جواب لکھیں