آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا شیڈول جاری ہو گيا ہے، اور خدشے کے عین مطابق سب سے بڑا مقابلہ یعنی پاکستان-بھارت میچ احمد آباد ہی میں ہوگا یعنی پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتراض مسترد کر دیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ 2023 بھی راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ہوگا، یعنی تمام 10 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی۔

ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا، جو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہی ہوگا۔ یہی میدان بعد میں فائنل کا بھی میزبان ہوگا جو 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کب کب کھیلے گا؟

شیڈول کے مطابق پاکستان کا پہلا مقابلہ 6 اکتوبر کو کوالیفائر 1 سے ہوگا اور دوسرا 12 اکتوبر کو کوالیفائر 2 سے۔ یہ ٹیمیں کون سی ہوں گی؟ اس کا فیصلہ اس وقت زمبابوے میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائر سے ہوگا۔

پھر ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ 15 اکتوبر کو ہوگا، دنیا کے سب سے بڑے میدان پر۔ جی ہاں! حتمی شیڈول میں پاکستان اور بھارت کا میچ احمد آباد ہی میں رکھا گیا ہے حالانکہ پاکستان نے اس پر اعتراض کیا تھا کہ وہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر یہاں نہیں کھیل سکتا۔ ذرائع کہتے ہیں کہ در حقیقت پاکستان اس میدان پر اس لیے نہیں کھیلنا چاہتا کہ اس کا نام نریندر مودی اسٹیڈیم ہے۔

بہرحال، پاکستان اگلے میچ میں آسٹریلیا کے مقابل ہوگا اور یہ میچ 20 اکتوبر کو بنگلور میں ہوگا۔ صرف دو دن بعد 23 اکتوبر کو پاکستان کو افغانستان کے خلاف چنئی میں کھیلنا ہوگا۔ پاکستان نے ڈرافٹ شیڈول میں ان دونوں میچز کے وینیوز پر بھی اعتراض  کیا تھا اور کہا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ميچ چنئی اور افغانستان کے خلاف بنگلور میں رکھا جائے، لیکن  اس اعتراض  پر بھی کان نہیں دھرے گئے اور یہ میچز وہیں ہوں گے، جہاں ڈرافٹ شیڈول میں تھے۔

پاکستان 27 اکتوبر کو چنئی ہی میں جنوبی افریقہ سے کھیلے گا اور اگلے میچ کے لیے کلکتہ جائے گا، جہاں 31 اکتوبر کو  پاک-بنگلہ دیش مقابلہ ہوگا۔ 4 نومبر کو نیوزی لینڈ سے بنگلور میں کھیلنے کے بعد پاکستان کو کئی دن آرام کے ملیں گے اور گروپ اسٹیج کے آخری دن 12 نومبر وہ آخری مقابلے میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا۔ یہ میچ ایڈن گارڈنز، کلکتہ میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد 15 نومبر کو ممبئی اور اگلے روز کلکتہ میں سیمی فائنلز ہوں گے جبکہ فائنل 19 نومبر کو احمد آباد ہی میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ کے میچز 48 میچز 10 مختلف شہروں میں ہوں گے۔ احمد آباد، کلکتہ، چنئی اور بنگلور کے علاوہ حیدر آباد، لکھنؤ، دلّی، پونے، ممبئی اور دھرم شالا بھی میچز کی میزبانی کریں گے۔

Raftar Bharne Do
آئی سی سی ورلڈ کپ 20232 کا مکمل شیڈول۔ بشکریہ: آئی سی سی
شیئر

جواب لکھیں