ویراٹ کوہلی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کتنی سنچریاں بنا چکے ہیں؟ جی ہاں! 46۔
اب تک 265 اننگز میں 46 سنچریوں اور 65 نصف سنچریوں کی مدد سے کوہلی نے 12898 رنز بنائے ہیں۔ یعنی نہ صرف 13 ہزار رنز کے سنگِ میل کے قریب ہیں بلکہ ایک اور سنہرا موقع بھی مل رہا ہے: سب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ بنانے کا۔
اس وقت ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ورلڈ ریکارڈ سچن تنڈولکر کے پاس ہے۔ انھوں نے 452 اننگز میں 49 سنچریاں بنائی تھیں ۔ یعنی کوہلی کو صرف تین سنچریاں درکار ہیں سچن کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے۔
بھارت کی آئندہ ون ڈے سیریز افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہیں، جن میں چھ ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔ جون میں افغانستان کے خلاف تین ون ڈے میچز کھیلنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم جولائی و اگست میں ویسٹ انڈیز سے بھی اتنے ہی ون ڈے کھیلے گی۔
کوہلی دو کمزور ٹیموں کے خلاف چھ میچز میں تین سنچریاں بنا تو سکتے ہیں۔ اگر ایسا کر گئے تو وہ سچن کے برابر پہنچ جائیں گے۔ اور پھر ان کے ہاتھ میں ہوگا وہ ریکارڈ جو کسی کے پاس نہیں: یعنی ون ڈے میں 50 سنچریوں کا۔ اور یہ ایسا ریکارڈ ہوگا جو شاید کبھی نہ ٹوٹے۔
اس وقت بھی ون ڈے انٹرنیشنلز میں سچن اور کوہلی کے بعد کسی کی 30 سے زيادہ سنچریاں نہیں ہیں۔ موجودہ کھلاڑیوں میں روہت شرما کی 30 سنچریوں کے بعد اگلے بیٹسمین بابر اعظم ہیں جنھوں نے 18 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ باقی سب ریٹائر ہو چکے ہیں۔
ویسے ان دونوں سیریز کے بعد ورلڈ کپ 2023 بھی کھیلا جائے گا، وہ بھی انڈیا میں۔ تو ہوم گراؤنڈ پر کوہلی کے بڑے مواقع ملیں گے۔ دیکھتے ہیں ان کا فائدہ اٹھا پاتے ہیں یا نہیں۔ بس کہیں ایسا نہ ہو جائے کہ افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے خلاف کرکٹ بورڈ کوہلی کو آرام کروا دیں۔ ایسا نہ کرنا بھائیو!
ون ڈے انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ سنچریاں
اننگز | رنز | بہترین اننگز | اوسط | 100 | 50 | |
---|---|---|---|---|---|---|
سچن تنڈولکر | 452 | 18426 | 200* | 44.83 | 49 | 96 |
ویراٹ کوہلی | 265 | 12898 | 183 | 57.32 | 46 | 65 |
روہت شرما | 236 | 9825 | 264 | 48.63 | 30 | 48 |
رکی پونٹنگ | 365 | 13704 | 164 | 42.03 | 30 | 82 |
سنتھ جے سوریا | 433 | 13430 | 189 | 32.36 | 28 | 68 |
ہاشم آملا | 178 | 8113 | 159 | 49.46 | 27 | 39 |
اے بی ڈی ولیئرز | 218 | 9577 | 176 | 53.50 | 25 | 53 |
کرس گیل | 294 | 10480 | 215 | 37.83 | 25 | 54 |
کمار سنگاکارا | 380 | 14234 | 169 | 41.98 | 25 | 93 |
سارو گانگلی | 300 | 11363 | 183 | 41.02 | 22 | 72 |