بالآخر لیونیل میسی نے کہہ دیا کہ وہ اپنا آخری ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں اور اگلے فیفا ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔

میسی نے دسمبر 2022 میں ہونے والے قطر ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو  تاریخی کامیابی دلائی تھی۔ سمجھا جا رہا تھا کہ اس یادگار مقابلے کے ساتھ ہی وہ ریٹائرمنٹ لے لیں گے، لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا۔  تب سمجھا جا رہا تھا کہ شاید میسی اگلا ورلڈ کپ بھی کھیلیں لیکن اب انھوں نے کہہ دیا ہے کہ وہ 2026 کا ورلڈ کپ نہیں کھیلیں گے۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 مشترکہ طور پر امریکا، کینیڈا اور میکسیکو  میں کھیلا جائے گا۔

ایک انٹرویو میں میسی نے کہا ہے کہ "میرا نہیں خیال کہ میں دوبارہ ورلڈ کپ کھیل پاؤں گا۔ 2022 میرا آخری ورلڈ کپ تھا۔"  

لیونیل میسی اس وقت چین میں ہیں جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف فرینڈلی میچ کھیلیں گے اور پھر 19 جون کو جکارتہ میں انڈونیشیا کے خلاف بھی۔ اس کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائرز کا آغاز ہو جائے گا۔

میسی نے کچھ روز پہلے امریکا کی میجر لیگ سوکر میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ فرانسیسی کلب پی ایس جی چھوڑنے کے بعد توقع تھی کہ یا تو وہ اپنے پرانے کلب بارسلونا جائیں گے یا سعودی  عرب کی لیگ کی بھاری بھرکم پیشکش قبول کر لیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انھوں نے غیر متوقع طور پر امریکی کلب انٹر مایامی سے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔

شیئر

جواب لکھیں