کیا آپ جانتے ہیں رائل چیلنجز بنگلور نے کبھی انڈين پریمیئر لیگ ٹائٹل نہیں جیتا؟ باوجود اس کے کہ ان کے پاس شروع سے آج تک ویراٹ کوہلی جیسا بلے باز رہا ہے۔ بد قسمتی کی انتہا تو دیکھیں کہ آر سی بی نے تین مرتبہ آئی پی ایل فائنل کھیلا ہے: 2009، 2011 اور 2016 میں اور ہر مرتبہ ہارا۔ یعنی کوہلی کے کوئی بڑا ٹائٹل نہ جیتنے کی بات اتنی غلط بھی نہیں۔

اب 2023 میں بنگلور کو ایک اور موقع ملا، جو سیزن کے اختتامی مرحلے تک پہنچتے پہنچتے نازک موقع میں بدل گیا ہے۔ اور جب صورت حال ایسی ہو تو کام آتے ہیں کوہلی۔ حیدر آباد سن رائزرز کے خلاف اہم مقابلے میں 'کنگ کوہلی' نے ایک یادگار سنچری بنائی اور اس سیزن میں اپنی ٹیم کے امکانات زندہ کر دیے ہیں۔

حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں بنگلور تعاقب کر رہا تھا 187 رنز کا، جب ویراٹ کوہلی اور کپتان فف دو پلیسی نے کمال آغاز لیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ پر 172 رنز کی پارٹنرشپ کی، جس میں کوہلی کا حصہ تھا 63 گیندوں پر 100 رنز کا۔ 12 چوکوں اور 4 چھکوں کے ساتھ، جس میں وہ چھکا بھی شامل تھا جس نے انھیں سنچری تک پہنچایا۔

میدان تو حریف کا تھا، لیکن نعروں گونج رہے تھے کوہلی کے۔ آخر کون ہوگا جو کوہلی کو چھٹی آئی پی ایل سنچری بناتا دیکھ کر خوش نہیں ہوا ہوگا؟

اس شاندار اننگز کے ساتھ ہی آر سی بی نے سیزن میں اپنا ساتواں میچ جیت لیا اور پوائنٹس ٹیبل پر ایک اچھی پوزیشن پر آ گیا ہے۔

آئی پی ایل 2023 پوائنٹس ٹیبل

‏18 مئی 2023

میچزجیتےہارےپوائنٹسنیٹ رن ریٹ
گجرات ٹائیٹنز1394180.835
چنئی سپر کنگز1375150.381
لکھنؤ سپر جائنٹس1375150.304
رائل چیلنجز بنگلور1376140.180
ممبئی انڈینز137614‎-0.128
راجستھان رائلز1367120.140
کولکاتا نائٹ رائیڈرز136712‎-0.256
پنجاب کنگز136712‎-0.308
دلّی کیپٹلز135810‎-0.572
سن رائزرز حیدر آباد13498‎-0.558

ویسے مقابلہ بڑا سخت ہے، ٹاپ پر موجود گجرات ٹائیٹنز کے بعد اگلی چار ٹیموں میں صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے جبکہ سب کا ایک، ایک میچ باقی ہے۔ آر سی بی ممبئی انڈینز کے برابر کھڑا ہے لیکن نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے بنگلور کو سبقت حاصل ہے۔ ہاں! آخری مقابلہ کھیلنا ہے گجرات سے، جو اس سیزن میں سب سے زیادہ 9 میچز جیتا ہوا ہے اور اسے  ہرانا آسان نہیں ہوگا۔ ہاں! کوہلی ہے تو ممکن ہے!

شیئر

جواب لکھیں