بیجنگ باسی یہ شام کبھی نہیں بھولیں گے۔ لیونیل میسی اُن کے شہر میں آئے، اپنے کیریئر کا تیز ترین گول کیا اور وہ شرٹ پہنی جس پر چینی زبان میں اُن کا نام لکھا تھا۔

ارجنٹینا اور آسٹریلیا کا یہ فرینڈلی میچ چینی دارالحکومت کے نئے نویلے ورکرز اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ 68 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے میدان میں شاید ہی کوئی آسٹریلیا کا فین تھا۔ ہر طرف صرف ہلکے نیلے رنگ کی شرٹوں کی بہار تھی اور تقریباً سبھی پر 10 نمبر لکھا ہوا تھا، یعنی میسی کا جرسی نمبر۔

اس میچ کا ایک ٹکٹ 400 سے 700 ڈالرز کا تھا، یعنی تقریباً دو لاکھ پاکستانی روپے تک کا، پھر بھی ہاؤس فل نظر آیا۔ صرف میدان میں ہی نہیں، میسی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگوں نے فائیو اسٹار ہوٹلوں میں کمرے تک بُک کروا لیے تھے۔

میسی نے ان تمام پرستاروں کو مایوس نہیں کیا۔ میچ شروع ہوئے 79 سیکنڈ ہی ہوئے تھے کہ میسی نے ایک خوبصورت گول کے ذریعے ارجنٹینا کو برتری دلا دی۔ یہ اگلے ہاف میں دو گنی ہو گئی اور ارجنٹینا ‏2-0 سے یہ میچ جیت گیا۔

دن کی خوبصورت اور منفرد ترین جھلک تھی ارجنٹینا کی کٹ پر لکھے نام چینی زبان مینڈرین میں ہونا۔ گو کہ آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کے نام انگریزی ہی میں لکھے تھے لیکن میسی سمیت ارجنٹینا کے تمام کھلاڑیوں کی کٹ پر اُن کے نام مینڈرین میں تھے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی غیر ملکی ٹیم کی کٹ پر چینی زبان میں نام لکھے ہوں۔ 2018 میں چائنیز نیو ایئر کے موقع پر فرانس کی لیگ 1 میں پی ایس جی اور مارسے کا ایک میچ ہوا تھا، جس میں سب کھلاڑیوں کے نام چینی زبان میں ہی تھے۔

فٹ بال دنیا میں چین کا مقام

چین میں فٹ بال کا جنون تو بہت ہے، یہ سب سے زیادہ کھیلا بھی جاتا ہے لیکن بین الاقوامی سطح پر چین کی ٹیم اتنی آگے نہیں ہے۔ آج بھی عالمی رینکنگ میں اس کا نمبر 79 واں ہے۔ ٹیم نے آخری بار 2002 میں کسی فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا بلکہ 1956 سے آج تک کوئی ایشین کپ بھی نہیں جیت پائی۔ ہاں! ویمنز ٹیم نے ابھی 2022 میں ویمنز ایشین کپ ضرور جیتا تھا لیکن مردوں کی ٹیم کو ابھی بہت کچھ حاصل کرنا ہے۔

شیئر

جواب لکھیں