ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ فائنل میں ٹریوس ہیڈ نے سنچری کے ذریعے میچ کا رخ تو پلٹا ہی، ساتھ ہی پاکستان اور بھارت کے لوگوں میں بھی ایک جنگ چھیڑ دی ہے۔

اوول کے میدان پر جاری میچ میں جب آسٹریلیا کے 76 رنز پر تین آؤٹ تھے، تب ٹریوس ہیڈ اور اسٹیو اسمتھ نے 285 رنز کی شاندار پارٹنرشپ کی۔ اس پارٹنرشپ میں ہیڈ کا حصہ تھا 163 رنز کا، وہ بھی صرف 174 گیندوں پر۔ 25 چوکوں اور ایک چھکے سے مزین یہ اننگز نہ صرف آسٹریلیا کو میچ میں واپس لائی، بلکہ اسے بالادست پوزیشن پر بھی پہنچا دیا۔ ویسے ملک سے باہر اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے کا اس سے بہتر موقع ہو نہیں سکتا تھا۔

لیکن پاکستانی شائقین دعویٰ کر رہے ہیں کہ جس بیٹ سے ٹریوس ہیڈ نے یہ تاریخی اننگز کھیلی ہے، وہ انھیں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے دیا تھا۔ کیا واقعی؟ جب آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 2022 میں پاکستان آئی تھی تو بابر نے واقعی ہیڈ کو تحفتاً اپنا ایک بیٹ دیا تھا، اس کی وڈیوز بھی موجود ہیں۔

اب پاکستانیوں کے دعوے اور باتیں بھارتی تماشائیوں کو بھلا کہاں ہضم ہوتی؟ انھوں نے اینٹ کا جواب پتھر سے دینا شروع کر دیا  اور مذاق اڑانے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ بہرحال، اس بات کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے کہ یہ واقعی بابر کا بلّا ہے۔ بظاہر تو بالکل ویسا ہی لگتا ہے لیکن گرے نکلس کمپنی تو دوسروں کے لیے بھی بلّے بناتی ہے۔ تو اس بات کی تصدیق تو خود ٹریوس ہیڈ ہی کر سکتے ہیں کہ یہ بابر کا بیٹ ہے یا نہیں۔

ویسے کیا آپ کو معلوم ہے شاہد آفریدی نے اپنی مشہور زمانہ 37 گیندوں پر سنچری سچن تنڈولکر کے بیٹ سے بنائی تھی۔ تو ہو سکتا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں بھی بابر کا بلّا چلا ہو؟

شیئر

جواب لکھیں