یہ شبمن گل بھی کیا کمال کا بیٹسمین ہے، رنز کی مشین کہیں تو غلط نہیں ہوگا۔ ابھی زیادہ دن نہیں گزرے، انڈین پریمیئر لیگ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ناٹ آؤٹ 94 رنز بنائے تھے اور کچھ ہی دن بعد سن رائزرز حیدر آباد کے خلاف اہم میچ میں 58 گیندوں پر 101 رنز بنا ڈالے۔ یوں وہ ایک ہی سال میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے ساتھ ساتھ آئی پی ایل میں بھی سنچری بنانے والے پہلے انڈین بیٹسمین بن گئے ہیں۔
یہ سال تو لگتا ہے ہی شبمن کا۔ سری لنکا کے خلاف 116 رنز سے آغاز لیا اور پھر نیوزی لینڈ کے خلاف ایک تاریخی اننگز کھیل ڈالی۔ صرف 149 بالز پر 208 رنز بنا کر وہ بھارت کے لیے ون ڈے میں ڈبل ہنڈریڈ کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اسی سیریز میں 112 رنز کی ایک اور اننگز بھی شامل رہی، جس کے بعد تختہ مشق بنا ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف 63 گیندوں پر 128 رنز کی اننگز شبمن گل کی پہلی ٹی ٹوئنٹی ہنڈریڈ تھی، جس کے ساتھ ہی انھوں نے ہر انٹرنیشنل فارمیٹ اپنے نام کر لیا۔
اب شبمن کا اگلا محاذ ہے انڈین پریمیئر لیگ۔ جس میں وہ دفاعی چیمپیئن گجرات ٹائٹنز کے لیے کھیل رہے ہیں اور سب کو حیران کر رہے ہیں۔ سن رائزرز حیدر آباد کے خلاف انھوں نے صرف 58 بالز پر 101 رنز بنائے۔ ایک ایسی وکٹ پر جس پر باقی سب بیٹسمین 182 گیندوں پر صرف 219 رنز بنا سکے، وہ بھی 17 وکٹیں دے کر، وہاں شبمن گل نے ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔ اس میچ میں خود گجرات کے آٹھ بلے باز ڈبل فگرز میں بھی نہیں گئے، یعنی یہ 'شبمن کا شو' تھا۔ پھر یہ اننگز گجرات کو پلے آف میں بھی پہنچا گئی، یعنی ٹیم کے بھی بہت کام آئی۔
اس سنچری کے ساتھ وہ تاریخ کے ان عظیم کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں جنھوں نے ایک ہی سال میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے علاوہ آئی پی ایل میں بھی ہنڈریڈ کی۔ یہ کارنامہ پہلی بار کیا تھا سری لنکا کے لیجنڈ مہیلا جے وردنے نے، جنھوں نے 2010 میں ایسا کر دکھایا۔ پھر 2019 میں ڈیوڈ وارنر نے بھی ہر انٹرنیشنل فارمیٹ کے بعد آئی پی ایل میں بھی سنچری بنائی، اور اب شبمن گل ہیں۔
مزے کی بات یہ ہے کہ ابھی تو سال کا صرف پانچواں مہینہ چل رہا ہے، ابھی تو ساڑھے سات مہینے باقی ہیں، یعنی دنیا تیار رہے شبمن کی مزید طوفانی اننگز کے لیے۔