ٹوئٹر کی مشہورِ زمانہ چڑیا اُڑ گئی ہے اور اس کی جگہ ایک کتے نے ڈیرے جما لیے ہیں۔ جی ہاں! 44 ارب ڈالرز کی بھاری رقم پر خریدے گئے ٹوئٹر کے ساتھ ایلون مسک کا مذاق اب بھی جاری ہے اور تازہ ترین حرکت یہ ہے کہ ٹوئٹر کا لوگو ہی اڑا دیا گیا ہے اور اس کی جگہ کرپٹو کرنسی DogeCoin کے کتے نے جگہ پا لی ہے۔
یہ DogeCoin کیا ہے؟
ایلون مسک نے پیر کو ٹوئٹ کیا تھا کہ انھوں نے ایک بار ٹوئٹر پر ہی کسی نے انھیں کہا تھا کہ ٹوئٹر خرید لیں اور چڑیا کی جگہ DogeCoin کا کتا لگا دیں۔ اب وہ یہ "وعدہ" پورا کر رہے ہیں۔
DogeCoin وہی کرپٹو کرنسی ہے جو 6 دسمبر 2013 کو دو سافٹ ویئر انجینیئرز نے مذاق ہی مذاق میں بنائی تھی بلکہ خود ایلون مسک اس پر ایک مقدمہ بھگت رہے ہیں۔ ابھی دو دن پہلے ہی انھوں نے اس مقدمے میں جج سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ 258 ارب ڈالرز ہرجانے کے اس مقدمے کا خاتمہ کریں، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ یہ اصل میں ایک پیرامڈ اسکیم ہے۔
کیا چڑیا کا دور ختم ہوا؟
فی الحال یہ نہیں معلوم کہ ٹوئٹر کا یہ لوگو مستقلاً بدل دیا گیا ہے یا یہ ایک عارضی قدم ہے۔ لگتا تو یہی ہے کہ یہ ایسے ہی دل پشوری میں کیا گیا ہے اور ٹوئٹر کی اصل پہچان جلد ہی واپس آ جائے گی۔ ہاں! پہلے والی ساکھ بحال ہوگی یا نہیں؟ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔
ویسے ایلون مسک کی اس حرکت کا DogeCoin کو بڑا فائدہ ہوا ہے، جس کی قیمت میں 24 گھنٹوں میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
بلو چیک مارک کا چکر
دوسری جانب ٹوئٹر کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو ملنے والے بلو چیک مارکس کا چکر بھی ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ کہا تو گیا تھا کہ یکم اپریل سے صرف انھی صارفین کا چیک مارک برقرار رہے گا، جو ٹوئٹر کی 8 ڈالرز ماہانہ کی سبسکرپشن خریدیں گے، باقی سب سے یہ 'اعزاز' چھین لیا جائے گا۔ لیکن ابھی تک صرف ایک ادارے کا چیک مارک ہی غائب ہوا ہے، اس اخبار کا جو ایلون مسک کو سخت ناپسند ہے یعنی نیویارک ٹائمز کا۔
امریکی اخبار نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی تصدیق کے لیے ٹوئٹر کو ادائیگی نہیں کرے گا، جس پر اس کا چیک مارک ختم ہو گیا ہے۔
ویسے کچھ دن پہلے تو پھر بھی واضح تھا کہ کون سا صارف اصل ویریفائیڈ اکاؤنٹ رکھتا ہے اور کون سا اصل میں سبسکرپشن کے ذریعے یہ بلو چیک مارک حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ لیکن اب نئی تبدیلی کے بعد معاملہ بہت ہی مبہم ہو گیا ہے۔ اب تمام ویریفائیڈ یوزرز کے چیک مارک پر کلک کرنے سے یہ لکھا آ رہا ہے:
This account is verified because it’s subscribed to Twitter Blue or is a legacy verified account
یعنی اب تو بالکل ہی واضح نہیں کہ یہ اصل ویریفائیڈ اکاؤنٹ ہے یا ٹوئٹر سبسکرپشن لینے والے۔
گویا یہ ٹوئٹر کے ہنگاموں کی ایک نئی قسط ہے، جسے ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں خریدا تھا اور اب تک اس کی کوئی کل سیدھی نہیں ہوئی۔