کس نے سوچا تھا کہ ایشیز 2023 میں آسٹریلیا پہلے دونوں ٹیسٹ جیت کر سیریز میں ‏2-0 کی برتری لے جائے گا؟ لیکن ایسا ہو چکا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں جہاں ٹکر کا مقابلہ ہوا تھا تو دوسرے ٹیسٹ میں  ہم نے ہر رنگ دیکھا۔ بہترین بالنگ، شاندار بیٹنگ، ناقابلِ یقین فیلڈنگ اور پھر کئی تنازعات بھی۔  مچل اسٹارک کے ہاتھوں پکڑا گیا بین ڈکٹ کا کیچ، جسے ناٹ آؤٹ دیا گیا، لیکن جو واقعہ کشیدگی کو عروج پر لے گیا، وہ جانی بیئرسٹو کا آؤٹ تھا۔

لارڈز ٹیسٹ کے آخری دن بیئرسٹو نے کیمرون گرین کی ایک گیند کو چھوڑا اور پھر نجانے کس ترنگ میں اپنی کریز بھی چھوڑ دی، حالانکہ ابھی بال ڈیڈ نہیں ہوئی تھی۔ وکٹ کیپر ایلکس کیری نے موقع کا فائدہ اٹھایا اور تھرو پھینک کر انھیں اسٹمپ کر دیا۔ امپائر نے آؤٹ قرار دیا اور ساتھ ہی شروع ہو گیا ایک نیا ہنگامہ۔

نہ صرف انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے اسے "کرکٹ کی روح" کے خلاف قرار دیا بلکہ کوچ برینڈن میک کولم نے بھی سخت الفاظ ادا کیے جبکہ اگلے بیٹسمین اسٹورٹ براڈ بھی تپے ہوئے نظر آئے۔ اسٹمپ مائیک میں بارہا سنا گیا کہ وہ ایلکس کیری کو صلواتیں سنا رہے تھے۔ وہ تو اس سے بھی ایک قدم آگے چلے گئے اور بار بار کریز سے باہر نکل کر واپس آ آ کر آسٹریلوی کھلاڑیوں اور امپائروں کو چڑاتے رہے۔

لیکن کسی نے کیا خوب کہا ہے کہ جن کے گھر شیشے کے ہوں، انھیں دوسروں پر پتھر نہیں پھینکنے چاہئیں۔ یہ وہی اسٹورٹ براڈ ہیں جو 2013 کے ٹرینٹ برج ٹیسٹ میں سلپ میں کیچ دینے کے باوجود ٹس سے مس نہیں ہوئے تھے اور امپائر کے بھیانک فیصلے کی وجہ سے ناٹ آؤٹ قرار پائے۔

پھر یہی براڈ پچھلے سال نیوزی لینڈ کے خلاف کولن ڈی گرینڈوم کے رن آؤٹ پر خوشیاں منانے والوں میں شامل تھے جبکہ وہ کریز سے باہر تھے۔

خود جانی بیئرسٹو کی ناراضگی بھی بنتی نہیں۔ اسی میچ میں، اسی لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے دن انھوں نے آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کو ایسے ہی رن آؤٹ کرنے کی کوشش کی تھی۔

Raftar Bharne Do
کیری آؤٹ کریں تو "کرکٹ کی روح" کے خلاف، لیکن بیئرسٹو کوشش کریں تو ٹھیک؟

کوچ برینڈن میک کولم بھی سخت ناراض دکھائی دیے حالانکہ وہ اپنے کیریئر میں کم از کم تین مرتبہ یہ حرکت کر چکے ہیں۔ 2005 میں انھوں نے زمبابوے کے کرس ایم پوفو کو آؤٹ کیا تھا، جو دوسرے بیٹسمین کی ففٹی کی خوشی میں اپنی کریز چھوڑ گئے تھے۔ پھر 2006 میں میک کولم نے مرلی دھرن کو بھی رن آؤٹ کیا، جب وہ کمار سنگاکارا کی سنچری کی خوشی منا رہے تھے۔ 2009 میں انگلینڈ کے پال کولنگ ووڈ بھی اپنی کریز سے باہر ہوئے اور میک کولم نے انھوں ایسے ہی آؤٹ کیا، لیکن نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیل ویٹوری نے اپیل واپس لے لی۔

لیکن آج میک کولم کہتے ہیں یہ "کھیل کی روح" کے خلاف ہے۔ شاباش ہے بھئی!

شیئر

جواب لکھیں