طویل انتظار کے بعد بالآخر ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کا تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا گیا ہے۔ یعنی چند ابتدائی میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور فائنل سمیت باقی مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے باضابطہ اعلان کر دیا ہے کہ ٹورنامنٹ 31 اگست سے 17 ستمبر کے دوران کھیلا جائے گا۔ جس کے ابتدائی چار میچز پاکستان میں ہوں گے اور باقی 9 مقابلے سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔

ایشیا کپ 2023 کا اصل میزبان پاکستان تھا لیکن اب بھارتی کرکٹ بورڈ یہاں کھیلنے سے انکاری ہے۔ جس پر پاکستان نے تجویز دی کہ ابتدائی چند میچز یہاں کروائے جائیں اور باقی ماندہ مقابلے کسی دوسرے ملک میں منعقد کیے جائیں۔

ابتدا میں تو اس تجویز کی منظوری کے آثار بھی نظر نہیں آ رہے تھے، لیکن لگتا ہے پاکستان کی جانب سے آئندہ ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی کام کر گئی ہے۔ بہرحال، طویل غور کے بعد ایشین کرکٹ کونسل نے یہ تجویز منظور کر لی ہے۔

ایشیا کپ میں کُل 13 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں سے ابتدائی چار مقابلے پاکستان میں ہوں گے۔ غالباً یہ میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد باقی ماندہ 9 مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔ ان میں بھارت کے تمام میچز بھی شامل ہوں گے۔

پاکستان اور بھارت کے علاوہ سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال بھی ایشیا کپ میں شرکت کریں گے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے اب تک ٹورنامنٹ کا مکمل شیڈول جاری نہیں کیا، یعنی ابھی یہ نہیں معلوم کہ کس تاریخ کو کون سا میچ کہاں کھیلا جائے گا؟

ویسے اس مرتبہ ایشیا کپ 50 اوورز کے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، کیونکہ یہ آئی سی سی ورلڈ کپ کا سال ہے جو ایشیا کپ کے چند دنوں بعد بھارت میں ہوگا۔

شیئر

جواب لکھیں