ورلڈ کپ 2023 میں کون کون کھیلے گا؟ آٹھ ٹیمیں تو براہِ راست پہنچیں اور دو کا فیصلہ ہوا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں۔ لیکن سری لنکا اور نیدرلینڈز کے پہنچنے سے بڑی خبر ہے ویسٹ انڈيز کا باہر ہونا۔ دو مرتبہ کا ورلڈ چیمپیئن، ماضی کی خطرناک ترین ٹیم، 'کالی آندھی'، پہلی بار دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ نہیں کھیلے گی۔
یہ نہ صرف ویسٹ انڈیز، بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے بڑے افسوس کی خبر ہے۔ کئی پاکستانیوں کو بھی دکھ ہوا ہوگا، لیکن ہمیں تو بڑی خوشی ہو رہی ہے۔ کیونکہ ویسٹ انڈیز وہ ٹیم ہے جس کے خلاف پاکستان کا ورلڈ کپ ریکارڈ بہت ہی بُرا ہے۔
ایک طرف بھارت ہے، جس کے خلاف پاکستان نے کبھی کوئی ورلڈ کپ میچ نہیں جیتا، لیکن اُس کے بعد یہی ویسٹ انڈیز ہے جس کے خلاف پاکستان کی کارکردگی بہت بہت بُری رہی ہے۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کی کارکردگی
1975 تا 2019
بمقابلہ | میچز | جیتے | ہارے |
---|---|---|---|
![]() | 7 | 7 | 0 |
![]() | 6 | 5 | 0 |
![]() | 1 | 1 | 0 |
![]() | 9 | 7 | 2 |
![]() | 10 | 5 | 4 |
![]() | 2 | 1 | 1 |
![]() | 2 | 1 | 1 |
![]() | 10 | 4 | 6 |
![]() | 5 | 2 | 3 |
![]() | 11 | 3 | 8 |
![]() | 7 | 0 | 7 |
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آج تک کُل 11 ورلڈ کپ میچز ہوئے ہیں، جن میں سے 8 میں پاکستان نے شکست کھائی ہے۔ جی ہاں! پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف آج تک صرف اور صرف تین ورلڈ کپ میچز جیتا ہے۔
جون 1975 میں پہلے ورلڈ کپ میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔ پھر دوسرے ورلڈ کپ میں پاکستان سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز سے 43 رنز سے ہارا تھا۔ یہی نہیں، 1983 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں بھی اسی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان نے ہار کا منہ دیکھا تھا۔ یعنی مسلسل تین ورلڈ کپ میں تین شکستیں، ان میں سے بھی دو سیمی فائنل جیسے اہم مقابلوں میں۔

پاکستان کو ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی کامیابی 1987 میں ہوم گراؤنڈ پر ملی تھی۔ کیا یادگار میچ تھا وہ! لاہور میں پاکستان 217 رنز کا تعاقب کر رہا تھا اور 203 پر 9 آؤٹ ہو چکے تھے۔ آخری اوور میں 14 رنز کی ضرورت تھی، جسے بنانے میں عبد القادر کا ایک چھکا بہت کام آیا۔ انھوں نے 9 گیندوں پر 16 رنز بنا کر پاکستان کو ایک یادگار کامیابی دلائی۔ لیکن پاکستان یہ کارکردگی کراچی میں ہونے والے اگلے میچ میں نہیں دہرا پایا۔ ویسٹ انڈیز نے یہاں پاکستان کو 28 رنز سے شکست دی۔ بعد نہ وہ ورلڈ کپ جیت سکا اور نہ پاکستان۔
اگلا پاک-ویسٹ انڈیز مقابلہ ہوا 1992 میں۔ پاکستان کو اپنی یادگار ورلڈ کپ مہم کا آغاز اسی ویسٹ انڈیز کے خلاف کرنا تھا اور یہاں بھی شکست کھائی، پوری 10 وکٹوں سے۔ یعنی ورلڈ کپ تو جیت گیا، لیکن ویسٹ انڈیز سے نہیں جیت سکا۔

پھر ویسٹ انڈیز کا زوال شروع ہو گیا۔ 1999 کے ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے اس 'ازلی دشمن' کو ہرایا، مگر اس کے بعد سے آج تک چار مقابلوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کر پایا ہے۔ پاکستان نے 2007 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ویسٹ انڈیز میں شکست کھائی۔ 2011 میں کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کو ہرا کر کچھ بدلے چکانے کی کوشش کی۔ لیکن اس کے بعد سے اب تک کوئی ورلڈ کپ میچ نہیں جیت سکا۔
پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز، ورلڈ کپ میں
1975 تا 2019
نتیجہ | مارجن | بمقابلہ | بمقام | بتاریخ |
---|---|---|---|---|
شکست | 1 وکٹ | ![]() | برمنگھم | 11 جون 1975 |
شکست | 43 رنز | ![]() | دی اوول | 20 جون 1979 |
شکست | 8 وکٹ | ![]() | دی اوول | 22 جون 1983 |
فتح | 1 وکٹ | ![]() | لاہور | 16 اکتوبر 1987 |
شکست | 28 رنز | ![]() | کراچی | 30 اکتوبر 1987 |
شکست | 10 وکٹ | ![]() | میلبرن | 23 فروری 1992 |
فتح | 27 رنز | ![]() | برسٹل | 16 مئی 1999 |
شکست | 54 رنز | ![]() | کنگسٹن | 13 مارچ 2007 |
فتح | 10 وکٹ | ![]() | میرپور | 23 مارچ 2011 |
شکست | 150 رنز | ![]() | کرائسٹ چرچ | 21 فروری 2015 |
شکست | 7 وکٹ | ![]() | ناٹنگھم | 31 مئی 2019 |
آخری دونوں ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں، یعنی 2015 اور 2019 میں، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ہرایا ہے۔ 2019 والی شکست تو پاکستان کو بہت بھاری پڑی۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کا آغاز ہی ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بد ترین شکست کے ساتھ کیا تھا اور پھر سری لنکا کے خلاف میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا، یوں جن دو مقابلوں سے اہم پوائنٹس ملنے کی امید تھی، ان سے کچھ نہیں مل سکا۔ زخموں پر نمک چھڑکا آسٹریلیا اور بھارت کے ہاتھوں شکست نے۔ اس کے بعد پاکستان نے ٹورنامنٹ میں واپس آنے کی پوری کوشش کی، جنوبی افریقہ کو ہرایا، نیوزی لینڈ کو بھی اور آخر میں افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف بھی کامیابیاں حاصل کیں، لیکن مسلسل چار فتوحات بھی پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچانے کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئیں۔

پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا اور بہت سے لوگوں کی نظر میں اس کی وجہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ تھا، جس میں پاکستان صرف 105 پر آل آؤٹ ہوا تھا۔ خیر، اِس سال ہونے والے ورلڈ کپ میں تو کہانی ہی ختم ہو گئی، ویسٹ انڈیز سرے سے ہے ہی نہیں۔ جان چھوٹی، سو لاکھوں پائے!