ورلڈ کپ 2023 کی تیاریاں اب تیز ہو گئی ہیں۔ فائنل شیڈول کا اعلان بھی ہو چکا ہے اور پاک-انڈیا میچ پر بحث بھی چل رہی ہے۔ لیکن اصل جنگ جاری ہے، پاکستان اور بھارت سے کہیں دُور زمبابوے میں۔ جہاں چل رہے ہیں ورلڈ کپ کوالیفائرز۔

ابتدائی مرحلے کے اختتام پر آئرلینڈ، نیپال، متحدہ عرب امارات اور امریکا باہر ہو چکے ہیں جبکہ چھ ٹیمیں پہنچی ہیں سپر سکس مرحلے تک۔ یہاں ہوگا سخت مقابلہ اور ٹاپ 2 ٹیمیں کھیلیں گی فائنل۔ اور یہ فائنل ہی ہوگا ورلڈ کپ 2023 کا ٹکٹ۔

سپر سکس مرحلے میں سری لنکا، ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ اور عمان کی ٹیمیں  موجود ہیں، جو تین، تین میچز کھیلیں گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گروپ اسٹیج سے پوائنٹس carry forward بھی ہوئے ہیں۔ یہ پوائنٹس انھیں سپر سکس تک پہنچنے والی دیگر ٹیموں کے خلاف حاصل کردہ فتوحات کی بنا پر ملے ہیں۔ اس لیے زمبابوے اور سری لنکا چار، چار پوائنٹس کے ساتھ بہت مضبوط پوزیشن میں ہیں جبکہ نیدرلینڈز اور اسکاٹ لینڈ کے دو، دو پوائنٹس ہیں اور ویسٹ انڈیز اور عمان پھنسے ہوئے ہیں صفر پر۔

اب ویسٹ انڈیز کا کیا ہوگا؟

ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ویسٹ انڈیز اس وقت بہت خطرناک پوزیشن میں ہے۔ اسے گروپ مرحلے میں زمبابوے کے ہاتھوں شکست ہوئی اور پھر نیدرلینڈز کے خلاف سپر اوور میں بھی بدترین ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ اب ویسٹ انڈیز کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اسے اگلے تینوں میچز جیتنے ہیں۔ پہلا مقابلہ ہوگا اسکاٹ لینڈ سے اور پھر عمان سے۔ ان میچز میں نہ صرف کامیابی حاصل کرنی ہے بلکہ یہ نیٹ رن ریٹ کو بہتر بنانے کا موقع بھی فراہم کریں گے۔ سپر سکس میں ویسٹ انڈیز کا آخری مقابلہ سری لنکا سے ہوگا، اور یہی میچ ہوگا ویسٹ انڈیز کا سب سے بڑا امتحان۔

سری لنکا اس وقت بہترین کھیل پیش کر رہا ہے۔ گروپ مرحلے میں اپنے تمام میچز جیتے اور چار پوائنٹس لے کر گروپ سکس تک آیا ہے۔ خاص طور پر اسپنر ونندو ہسارنگا بہترین فارم میں ہیں، وہ صرف چار میچز میں 18 وکٹیں لے چکے ہیں اور ان کا آخری ہدف ہوں گے ویسٹ انڈیز۔

تو کیا ویسٹ انڈیز یہ مشکل مرحلہ عبور کر پائے گا؟ یا ہم تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئی ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز کے بغیر ہوتا ہوا دیکھیں گے؟ اس کے لیے ہمیں کچھ دن انتظار کرنا پڑے گا۔

شیئر

جواب لکھیں